ٹیم کی شکست پر بھارتی میڈیا پھٹ پڑا

5 1,057

انگلینڈ سے ذلت آمیز شکست کا غم تو ایک طرف تھا ہی مگر پہلی پوزیشن چھن جانے سے بھی بھارتی ٹیم کو دہری اذیت میں مبتلا کردیا۔ سونے پر سہاگہ اپنی ٹیم کی کامیابیوں پر مغرور ہوجانے والا بے قابو بھارتی میڈیا بھی اپنی ٹیم کی شکستوں پر پھٹ پڑا۔ بھارتی میڈیا نے اپنی قومی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے سوچا بھی نہ تھا کہ ٹیم انڈیا کے ساتھ ایسا بھی ہوگا۔

بھارتی اخبارات نے ٹیم کی شکست کو شہ سرخیوں میں کچھ اس طرح بیان کیا ”بھارت کو معزول کر دیا گیا، دھونی کے برکت والے ہاتھ کا خاتمہ ہو گیا، بھارت کو آؤٹ کلاس کر دیا گیا“ جبکہ بھارتی شائقین کرکٹ نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی کو اپنا منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ دنیا کے بہترین بلے بازوں پر مشتمل ٹیم نے انگلینڈ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

انگلینڈ میں بھارتی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کیا یہ بھارتی ٹیم کی پسپائی کا آغاز ہے۔ کیا بھارتی ٹیم کرکٹ کی درجہ بندی میں مزید نیچے جائے گی؟ کیا بھارتی ٹیم جلد سنبھل پائے گی؟ یہ ایسے سوالات ہیں جو ہر سمت سے اٹھ رہے ہیں۔

ایک بھارتی لکھاری اور کرکٹ کے شیدائی موکل کساون نے بتایا میرے خیال میں ہم نے گزشتہ دہائیوں میں اس سے بری کرکٹ سیریز نہیں کھیلی۔بھارت کے سابقہ اوپننگ بلے باز آکاش چوپڑا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم نے اس اہم سیریز کے لیے کوئی تیاری نہیں کی تھی۔ کھلاڑیوں کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ وہ ایک ایسی ٹیم کے خلاف کھیلنے جا رہے تھے جن کے بلے باز بھر پور فارم میں تھے۔انگلینڈ کے بلے بازوں کی بھرپور فارم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 14 ماہ کے دوران چھ ڈبل سنچریاں بنائیں۔

ایک معروف بھارتی اخبار میل ٹوڈے نے اپنے پہلے صفحے پر لکھا ہے کہ’’بھارت کے لئے شرمناک شکست‘‘ جب کہ ٹائمز آف انڈیا نے لکھا ہے کہ ’’دنیا کی نمبر ایک ٹیم برطانیہ میں زیرو ہو گئی، یہ تاریخ کا غیر تحریر شدہ قانون ہے تاہم کس نے سوچا تھا کہ بھارت کی حکمرانی اس طرح آسانی سے ختم ہو گی‘‘
انڈین ایکسپریس نے لکھا ہے کہ ’’انگلینڈ نمبر ون، انڈیا صفر‘‘۔ اخبار نے بھارتی ٹیم کو بوڑھوں کی ٹیم قرار دیا۔

بھارت کی شرمناک شکست پر "انڈین ایکسپریس" کی سرخی
بھارت کی شرمناک شکست پر "انڈین ایکسپریس" کی سرخی

ہندوستان ٹائمز نے لکھا ہے کہ پانچ روزہ ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تین میچز میں ایک بھی دن بھارت اپنے نام نہیں کر سکا ہے، ہر وقت انگلینڈ چھایا رہا۔

واضح رہے کہ چار ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کے ابتدائی تینوں میچز انگلستان نے بھاری مارجنز سے جیتے ہیں جن میں ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلا گیا آخری معرکہ اننگز اور 242 رنز سے میزبان انگلستان کے نام رہا۔

دونوں ٹیمیں اب 18 اگست سے چوتھے و آخری مقابلہ کھیلیں گی جو اوول کے تاریخی میدان میں ہوگا۔