سچن کی 100 سنچریوں کی تلاش بدستور جاری

4 1,013

بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر بدستور اپنے کیریئر کی 100 ویں سنچری کی تلاش میں ہیں اور ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں بھی وہ محروم رہے۔

سچن ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں رن آؤٹ ہونے کے بعد مایوسی کے عالم میں پویلین لوٹ رہے ہیں
سچن ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں رن آؤٹ ہونے کے بعد مایوسی کے عالم میں پویلین لوٹ رہے ہیں

تاریخ میں 100 سنچریاں داغنے والا پہلا بلے باز بننے کے لیے سچن کو محض ایک مرتبہ تہرے ہندسے کی اننگز کھیلنی ہے لیکن انگلش کنڈیشنز میں اور توقعات کے دباؤ تلے وہ اب تک سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

برمنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سچن محض ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم دوسری اننگز میں وہ اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے تھے کہ بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئے۔ حریف باؤلر گریم سوان کی گیند پر کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ایک تیز اور سیدھا شاٹ کھیلا جو باؤلر کی انگلیوں سے ٹکرا کراس وقت وکٹوں سے ٹکرایا جب سچن کریز سے باہر تھے۔ یوں انہیں 40 رنز پر با دل نخواستہ پویلین لوٹنا پڑا۔

ٹنڈولکر نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 34 اور 12 اور ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 16 اور 56 رنز کی اننگز کھیلی تھیں، جہاں بھارت کو بالترتیب 196 اور 319 رنز کی بدترین شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ رہی سہی کسر تیسرے ٹیسٹ میں پوری ہو چکی ہے جہاں بھارت ایک اننگز اور 242 رنز سے ہارا۔

38 سالہ سچن ٹنڈولکر کیریئر میں 51 ٹیسٹ اور 48 ایک روزہ سنچریاں جڑ چکے ہیں۔