آسٹریلیا کی آل راؤنڈ کارکردگی، سری لنکا کو مسلسل دوسرے ایک روزہ میں شکست

2 1,028

آسٹریلیا کی تباہ کن باؤلنگ اور تجربہ کار رکی پونٹنگ کی ذمہ دارانہ و کارآمد اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے مسلسل دوسرے ایک روزہ مقابلے میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے زیر کر کے پانچ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔

رکی پونٹنگ اور مائیکل کلارک کی ناقابل شکست سنچری شراکت نے آسٹریلیا کو فحتیاب کیا
رکی پونٹنگ اور مائیکل کلارک کی ناقابل شکست سنچری شراکت نے آسٹریلیا کو فحتیاب کیا

مہند راجا پکسے اسٹیڈیم، ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن آسٹریلین گیند بازوں خصوصاً سیمرز نے ایک لمحے کے لیے بھی اسے میچ میں داخل نہ ہونے دیا۔ سوائے کمار سنگاکارا کی 52 رنز کی مزاحمت کے کسی سری لنکن بلے باز نے قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اوپل تھارنگا 13، تلکارتنے دلشان 24، مہیلا جے وردھنے 17 اور دنیش چندیمال محض 1 رن بنا کر پویلین سدھارے۔ آخر میں اینجلو میتھیوز کے 35 اور نووان کولاسیکرا کے 34 رنز تھے جن کی بدولت سری لنکا 208 رنز کا مجموعہ بنانے میں کامیاب ہوا ورنہ 150 رنز بھی مشکل نظر آ رہے تھے۔

اننگز کے ٹاپ اسکورر کمار سنگاکارا نے 85 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈوگ بولنجر نے 3 بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2،2 وکٹیں بریٹ لی اور مچل جانسن کو ملیں۔ شین واٹسن، ژاویئر ڈوہرٹی اور ڈیوڈ ہسی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں گو کہ آسٹریلیا کو ابتداء ہی میں بریڈ ہیڈن (7 رنز) کی وکٹ گنوانا پڑی لیکن دوسری وکٹ پر شین واٹسن اور رکی پونٹنگ کے درمیان 99 رنز کی شراکت نے فتح کی بنیاد رکھ دی جس کی تکمیل پونٹنگ نے مائیکل کلارک کے ساتھ کی۔ شین واٹسن نے 51 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد 43 رنز بنائے۔ جبکہ رکی پونٹنگ 90 اور مائیکل کلارک 58 رنز کے ساتھ آسٹریلیا نے مسلسل دوسری فتح پائی۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ پر 107 رنز کی ناقابل شراکت داری قائم کی۔

سوائے آؤٹ آف فارم بریڈ ہیڈن کے آسٹریلیا کوئی بلے باز پریشان نہیں ہوا۔ شین واٹسن، رکی پونٹنگ اور مائیکل کلارک نے تمام حریف بلے بازوں کو باآسانی کھیلا خصوصاً پونٹنگ کی اننگز بہت اچھی تھی جس میں انہوں نے ناقص گیندوں کا انتظار کیا اور اُن پر حریف گیندبازوں کو سبق سکھایا۔

سری لنکا کی جانب سے لاستھ مالنگا اور نووان کولاسیکرا نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

میچ کی ایک خاص بات کلارک کی مناسب قیادت بھی تھی جنہوں نے کنڈیشنز کا بھرپور استعمال کیا اور انتہائی تیز ہواؤں میں باؤلرز کا درست اینڈز سے استعمال کیا۔ یہی وجہ ہے کہ سری لنکن بلے بازوں کے محتاط رویے کے باوجود آسٹریلوی باؤلرز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

دلشان کو ضرورت ہے کہ وہ اگلے میچ میں اپنی قیادت کے انداز میں کچھ تبدیلی لائیں خصوصاً ابتدائی دونوں مقابلوں میں پہلے بلے بازی کے باعث شکست کے اسباب پر غور کرنا چاہیے اور اگر تیسرے میچ میں بھی ٹاس جیتنے کا موقع ملے تو باؤلنگ کا انتخاب کریں۔

رکی پونٹنگ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا مقابلہ16 اگست کو ہمنٹوٹا ہی میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا
دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی
بتاریخ: 14 اگست 2011ء بمقام: مہند راجا پکسے انٹرنیشنل اسٹیڈیم، ہمبنٹوٹا
نتیجہ: آسٹریلیا 8 وکٹوں سے فتحیاب
بہترین کھلاڑی:رکی پونٹنگ (آسٹریلیا)

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک ہیڈن ب جانسن 13 30 2 0
تلکارتنے دلشان ب لی 24 23 4 0
کمار سنگاکارا ک جانسن ب ڈیوڈ ہسی 52 85 1 1
مہیلا جے وردھنے ک مائیکل ہسی ب ڈوہرٹی 17 30 1 0
دنیش چندیمال ک ہیڈن ب بولنجر 1 4 0 0
اینجلو میتھیوز ک مائیکل ہسی ب بولنجر 35 62 1 0
جیون مینڈس ک بولنجر ب لی 5 9 0 0
نووان کولاسیکرا ک کلارک ب واٹسن 34 31 3 1
لاستھ مالنگا ک پونٹنگ ب بولنجر 0 2 0 0
رنگانا ہیراتھ ایل بی ڈبلیو جانسن 9 13 0 0
اجنتھا مینڈس ناٹ آؤٹ 7 9 1 0
فاضل رنز (ل ب 2، و 8، ن ب 1) 11
مجموعہ 49.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 208
آسٹریلیا باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
بریٹ لی 10 0 50 2
ڈوگ بولنجر 10 2 35 3
شین واٹسن 5.3 0 29 1
مچل جانسن 9 1 34 2
ژاویئر ڈوہرٹی 10 0 43 1
ڈیوڈ ہسی 5 0 15 1
آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ب مالنگا 43 51 4 1
بریڈ ہیڈن ک سنگاکارا ب کولاسیکرا 7 7 1 0
رکی پونٹنگ ناٹ آؤٹ 90 106 8 1
مائیکل کلارک ناٹ آؤٹ 58 67 4 2
فاضل رنز (ل ب 2، و 10، ن ب 1) 13
مجموعہ 38.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 211
سری لنکا اوورز میڈن رنز وکٹ
لاستھ مالنگا  8 0  45 1
نووان کولاسیکرا  7 1  38 1
اینجلو میتھیوز  3 0  18 0
رنگانا ہیراتھ  8.2 0  57 0
اجنتھا مینڈس  6 0  23 0
جیون مینڈس  3 0  12 0
تلکارتنے دلشان  3 0  16 0