وٹوری کی مسلسل دوسرے مقابلے میں پانچ وکٹیں، زمبابوے پھر فتحیاب

2 1,047

زمبابوے نے برائن وٹوری کی ایک اور شاندار باؤلنگ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو مسلسل دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی حیران کن برتری حاصل کر لی ہے۔

برائن وٹوری کے کیریئر کا شاندار آغاز، کئی کھلاڑی اس کی تمنا کرتے ہیں
برائن وٹوری کے کیریئر کا شاندار آغاز، کئی کھلاڑی اس کی تمنا کرتے ہیں

ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے میں ہونے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر مکمل طور پر ناکام رہی اور سوائے نوجوان ناصر حسین کوئی بنگلہ دیشی بلے باز میزبان گیند بازوں کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم محض 188 رنز پر آؤٹ ہو گغی۔ ناصر حسین 92 گیندوں پر 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عبد الرزاق نے 35 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔ واحد بڑی شراکت آٹھویں وکٹ پر 65 رنز کی شراکت داری تھی جو ناصر حسین اور شکیب الحسن کے درمیان قائم ہوئی۔ شکیب نے 26 رنز بنائے۔

نوجوان برائن وٹوری نے کیریئر کے مستقل دوسرے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرکے حریف کپتان کی تنقید کا بھرپور جواب دے دیا جنہوں نے سیریز سے قبل بنگلہ دیش کو فیورٹ اور وٹوری کو اوسط درجے کا گیند باز قرار دیا تھا۔ وٹوری نے پہلے محض دو میچز میں 10 وکٹیں حاصل کر کے خود کو اہل ثابت کر دیا۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اس کے بلے باز ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام ہوئے اور 50 رنز تک پہنچنے سے پہلے پہلے اس کے ابتدائی چاروں اہم بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ حتیٰ کہ بنگلہ دیشی بلے باز ملنے والے مواقع بھی گنوا بیٹھے جیسا کہ شہریار نفیس کو ابتداء ہی میں کیچ ڈراپ ہونے کے باعث نئی زندگی ملی لیکن اس کے باوجود وہ صرف 14 رنز بنا سکے۔

58 رنز پر 6 وکٹیں گر جانے کے بعد کپتان شکیب الحسن اور ٹیل اینڈرز میں ناصر حسین اور عبد الرزاق نے بنگلہ دیش کو مکمل تباہی سے بچایا تاہم وہ ٹیم کو ایسے اسکور تک پہنچانے میں ناکام رہے جس کا اس کے باؤلرز دفاع کر پاتے۔

زمبابوے کی جانب سے وٹوری نے 20 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 2 وکٹیں ایلٹن چگمبورا کو ملیں۔ ان کے علاوہ کرس ایم پوفو اور پراسپر اتسیا نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں زمبابوین اوپنر برینڈن ٹیلر ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور محض 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے لیکن بنگلہ دیشی گیند باز پہلے ایک روزہ میچ کی طرح یہاں بھی دباؤ برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور ووسی سبانڈا اور ہملٹن ماساکازا ان کے ساتھ ایک مرتبہ پھر چٹان کی طرح جمے رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے نے دوسری وکٹ پر 83 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ بنگلہ دیش نے مواقع بھی ضایع کیے خصوصاً 30 کے انفرادی اسکور پر ہملٹن ماساکازا کا اسٹمپ ضایع کیا۔ تاہم ماساکازا اس مرتبہ کوئی طویل اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 38 رنز بنانے کے بعد محمود اللہ کی گیند پر اسٹمپ ہی ہوئے۔

ووسی سبانڈا نے ٹاٹنڈا ٹائبو کے ساتھ تیسری وکٹ پر 59 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی۔ سبانڈا 96 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر محمد اشرفل کی گیند پر اسٹمپ ہوئے۔ اس وقت زمبابوے کا اسکور 146 تک پہنچ چکا تھا اور میچ واضح طور پر اس کی گرفت میں تھا۔ ٹائبو کو بھی 46 کے انفرادی اسکور پر ایک زندگی ملی۔

بقیہ کام ٹائبو اور کریگ اروائن نے کیا جو بالترتیب 61 اور 8 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ٹائبو نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 74 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ٹائبو نے 45 ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد اشرفل کو چوکا رسید کر کے زمبابوے کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

بنگلہ دیش نے 7 گیند بازوں کو آزمایا لیکن وکٹیں صرف تین گیند بازوں شفیع الاسلام، محمود اللہ اور محمد اشرفل کو ملیں جنہیں ایک، ایک وکٹ حاصل ہوئی۔

برائن وٹوری کو شاندار گیند بازی پر مسلسل دوسرے مقابلے میں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیمیں اب تیسرے معرکے میں 16 اگست کو مدمقابل آئیں گی جو ہرارے ہی میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے آخری دونوں مقابلے بلاوایو میں ہوں گے۔تیسرے میچ میں فتح زمبابوے کو ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ سیریز میں بھی شاندار فتح دے سکتی ہے۔

زمبابوے بمقابلہ بنگلہ دیش
دوسرا ایک روزہ مقابلہ (14 اگست 2011) بمقام: ہرارے اسپورٹس کلب

نتیجہ: زمبابوے 7 وکٹ سے کامیاب
مین آف دی میچ: برائن وٹوری (زمبابوے)
سیریز: زمبابوے: 2؛ بنگلہ دیش: 0؛

بنگلہ دیشبنگلہ دیش رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ک رے پرائس ب برائن وٹوری 3 6 0 0
امرالقیس ک ہملٹن مساکاٹزاب برائن وٹوری 8 19 1 0
مشفیق الرحیم ک کریگ اروائن ب کرس ایم پوفو 12 20 2 0
محمد اشرفل ک ٹٹنڈا ٹائبو ب ایلٹن چگمبرا 6 32 0 0
شہریار نفیس ک برینڈن ٹیلر ب ایلٹن چگمبرا 14 23 3 0
شکیب الحسن ایل بی ڈبلیو برائن وٹوری 26 47 0 0
محموداللہ ک ٹٹنڈا ٹائبو ب پروسپر اتسیا 3 6 0 0
ناصر حسین ک ہملٹن مساکاٹزا ب برائن وٹوری 63 92 6 0
عبدالرزاق ب برائن وٹوری 35 32 1 0
شفیع الاسلام آؤٹ نہیں ہوئے 3 7 0 0
ربیل حسین رن آؤٹ (ایلٹن چگمبرا / ٹٹنڈا ٹائبو) 0 1 0 0
فاضل رنز (11 لیگ بائے؛ 4 وائڈ) 15
مجموعہ (47.3 اوورز میں تمام کھلاڑی آؤٹ) 188

 

زمبابوے (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
کرس ایم پوفو 9 1 42 1
برائن وٹوری 9.3 0 20 5
پراسپر اتسیا 10 1 42 1
ایلٹن چگمبورا 10 0 35 2
رے پرائس 9 0 38 0

 

زمبابوےزمبابوے رنز گیندیں چوکے چھکے
برینڈن ٹیلر ک شہریار نفیس ب شفیع الاسلام 3 14 0 0
ووسی سبانڈا اسٹمپ مشفیق الرحیم ب محمد اشرفل 67 96 7 0
ہملٹن ماساکازا اسٹمپ مشفیق الرحیم ب محمود اللہ 38 51 5 0
ٹاٹنڈا ٹائبو آؤٹ نہیں ہوئے 61 74 4 2
کریگ اروائن آؤٹ نہیں ہوئے 8 30 0 0
فاضل رنز (2 بائے؛ 2 لیگ بائے؛ 10 وائڈ) 14
مجموعہ (44.1 اوورز میں 3 کھلاڑی آؤٹ) 191

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
شفیع الاسلام 9 3 32 1
روبیل حسین 10 0 50 0
عبدالرزاق 1 0 10 0
شکیب الحسن 8 1 31 0
محمود اللہ 8 0 27 1
ناصر حسین 2 0 11 0
محمد اشرفل 6.1 0 26 1