اعجاز احمد کی نائب کوچ کی حیثیت سے تقرری کا باضابطہ اعلان

1 1,031

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نائب کوچ کی حیثیت سے اعجاز احمد کی تقرری کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اعجاز احمد پاکستان کی بلے بازی کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے
اعجاز احمد پاکستان کی بلے بازی کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے

جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سابق بلے باز اعجاز احمد پاکستان کے دورۂ زمبابوے میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور کوچ وقار یونس کی مدد کریں گے۔ ان کی تقرری ٹیم انتظامیہ کے مطالبے پر کی گئی ہے۔

گزشتہ کئی روز سے ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اعجاز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی بلے بازی کو بہتر بنانے کے لیے بطور بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم عرصۂ دراز سے بلے بازی کے شعبے میں مشکلات کا شکار نظر آ رہی ہے اور چند ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی ایک وجہ کوچ و اسسٹنٹ کوچ دونوں کا باؤلر ہونا ہے۔ پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور اسسٹنٹ کوج عاقب جاوید دونوں باؤلرز تھے، شاید یہی وجہ ہے کہ دورۂ زمبابوے سے قبل ٹیم انتظامیہ میں تبدیلیاں لاتے ہوئے عاقب جاوید کو نائب کوج کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور اب اعجاز احمد کی تقرری کا اعلان کر دیا گیا ہے

اعجاز احمد نے 1987ء سے 2001ء کے درمیان 60 ٹیسٹ اور 250 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ کچھ عرصے سے وہ فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے قومی کرکٹ ٹیم سے وابستہ رہے ہیں۔