عثمان صلاح الدین بھی مرکزی معاہدے کی فہرست میں شامل

2 1,047

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مرکزی معاہدہ (سینٹرل کانٹریکٹ) کےحامل کھلاڑیوں میں اضافہ کردیا ہے اور نوجوان بلے باز عثمان صلاح الدین کو بھی معاہدے سے نواز دیا ہے تاہم وہ سرفہرست تینوں زمروں میں شامل نہیں ہوں گے بلکہ ان کا شمار وظیفہ خوار کھلاڑیوں میں ہوگا۔

عثمان صلاح الدین سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کے صاحبزادے ہیں
عثمان صلاح الدین سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کے صاحبزادے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عثمان صلاح الدین کو چیئرمین سلیکشن کمیٹی محسن حسن خان، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ انتخاب عالم اور ذاکر خان کی سفارش پر معاہدہ دیا گیا ہے۔ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ عثمان صلاح الدین ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے اور ڈومیسٹک سرکٹ میں اس کی مستقل کارکردگی اسے اہل بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان صلاح الدین پاکستان کامستقبل ہے۔

عثمان صلاح الدین پاکستان کے حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں 2 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیل چکے ہیں تاہم ان میں مکمل طور پر ناکام رہے البتہ وہ فرسٹ کلاس کی 39 اننگز میں 41 سے زیادہ کا اوسط رکھتے ہیں۔ فرسٹ کلاس میں ان کا بہترین اسکور 161 رنز ہے۔ اس کے علاوہ وہ افغانستان کے حالہی دورۂ پاکستان میں بھی پاکستان 'اے' کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

عثمان صلاح الدین پاکستان کے معروف تجزیہ کار اور سابق سلیکٹر صلاح الدین صلو کے صاحبزادے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ کے اوائل میں اگلے چھ ماہ کے لیے مرکزی معاہدوں کا اعلان کیا تھا جس میں اعزاز چيمہ، ذوالفقار بابر، رضا حسن، محمد ایوب ڈوگر اور محمد طلحہ کو وظیفہ خوار کی حیثیت سے جگہ دی گئی تھی، جن کی فہرست میں تازہ اضافہ عثمان صلاح الدین کا ہے۔