آئرلینڈ کے خلاف واحد ایک روزہ کے لیے انگلش دستے کا اعلان

1 1,020

انگلستان نے آئرلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کے لیے 13 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت مڈل آرڈر بلے باز ایون مورگن کریں گے۔

ایون مورگن نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل دستے کی قیادت کریں گے
ایون مورگن نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل دستے کی قیادت کریں گے

کرک نامہ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے وصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق انگلستان کے ٹی ٹوئنٹی دستے کے نائب کپتان کے عہدے پر فائز مورگن ایسے دستے کی قیادت کریں گے جس میں بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے بیشتر کھلاڑی شامل نہیں ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ایک روزہ مقابلہ 25 اگست کو آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں ہوگا۔

اعلان کردہ دستے میں متعدد نئے کھلاڑی شامل ہیں جیسا کہ لیسٹرشائر کے جیمز ٹیلر، یارکشائر کے جوناتھن بیئرسٹو اور ڈہرم کے بین اسٹوکس اور اسکاٹ بورتھوِک شامل ہیں۔ یہ چاروں کھلاڑی حال ہی میں سری لنکا 'اے' کے خلاف انگلستان لائنز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

اعلان کردہ دستے میں بلے باز جوناتھن ٹراٹ بھی شامل ہیں، جو کندھے کی انجری سے صحتیابی پا رہے ہیں اور انہوں نے مذکورہ میچ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب انگلستان کے ٹیم ڈائریکٹر اینڈی فلاور کو آئرلینڈ کے خلاف میچ کے لیے آرام دیا گیا ہے اور وہ 31 اگست سے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے دوبارہ ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ایون مورگن، جوناتھن بیئرسٹو، روی بوپارا، اسکاٹ بورتھوِک، جیڈ ڈرنباخ، اسٹیون فن، کریگ کیزویٹر، گراہم اونینز، سمیت پٹیل، بین اسٹوکس، جیمز ٹیلر، جوناتھن ٹراٹ اور کرس ووکس۔