بنگال کا جادو چل گیا؛ زمبابوے کو 6 وکٹ سے شکست

1 1,061

دورہ زمبابوے پر موجود بنگلہ دیشی ٹیم نے بالآخر پہلی کامیابی حاصل کر ہی لی. واحد ٹیسٹ اور پھر مسلسل تین ایک روزہ مقابلوں میں میزبان ٹیم کے خلاف شکست کی ہزیمٹ اٹھانے کے بعد چوتھے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے زمبابوے کو ہرا دیا. میزبان ٹیم کو سیریز میں 3-1 سے برتری حاصل ہے.

Brendan Taylor
کپتان برینڈن ٹیلر کی ذمہ دارانہ سنچری اننگ بھی زمبابوے کے کام نہ آسکی (تصویر: زمبابوے کرکٹ)

کوئنز اسپورٹس کلب، بولاوایو میں میچ سے قبل بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی. گزشتہ مقابلوں کی طرح اس بار بھی پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیم کو سخت مشکلات درپیش ہوئیں اور 40 رنز کے مجموعہ پر زمبابوے کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ 89 رنز پر تھما لیکن اس وقت تک میزبان ٹیم اپنے 4 بہترین بلے بازوں سے محروم ہوچکی تھی. اس نازک موقع پر اوپنر و کپتان برینڈن ٹیلر نے صحیح معنی میں اپنی ٹیم کو لیڈ کیا اور ایلٹن چگمبرا کے ہمراہ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 94 رنز کا اضافہ کیا. اس دوران ٹیلر نے 130 گیندوں پر 7 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے اپنی شاندار سنچری مکمل کی.

183 رنز کے مجموعہ پر بنگلہ دیشی گیند باز روبیل حسین نے زبردست فائٹ بیک کرتے ہوئے پہلے چگمبرا اور پھر ایک گیند بعد ٹیلر کو رخصت کر کے زمبابوے کو ایک بار پھر دیوار سے لگا دیا.روبیل نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ اپنے اگلے ہی اوور میں مزید دو زمبابوین کھلاڑیوں میلکم والر اور رے پرائس کو پویلین کا رستہ دکھا کر میچ پر بنگلہ دیش کی گرفت مزید مضبوط کردی. روبیل حسین اور دیگر بنگال گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے باعث زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 199 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی.

جواب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے برق رفتاری سے بلے بازی کا آغاز کیا. اوپنر تمیم اقبال اور امرالقیس نے محض چار اوورز میں 45 رنز بٹورے. امرالقیس نے اپنی مختصر لیکن تیز اننگ میں 2 چھکے اور 3 چوکے لگائے. امرالقیس اور پھر جنید صدیقی کی پویلین واپسی نے کسی حد تک بنگلہ دیشی اننگ کو دھچکا پہنچایا لیکن تمیم اقبال نے ایک اینڈ سنبھال کر ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی. 122 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 9 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے. مجموعی اسکور میں صرف 7 رنز اضافے کے بعد بنگلہ دیش کو ایک اور نقصان مشفق الرحیم کے آؤٹ ہونے کی صورت میں ہوا. پے در پے دو کھلاڑیوں کی رخصتی نے بنگلہ دیشی کیمپ میں پریشانی بڑھا دی تاہم کپتان شکیب الحسن نے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے شوواگوٹوہم کے ہمراہ جم کر بلے بازی کی اور 37 ویں اوور میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا کر ہی دم لیا.

بنگلہ دیشی گیند باز روبیل حسین کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. گو کہ اس فتح سے سیریز کے نتیجے پر تو کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم بنگلہ دیشی ٹیم کی رہی سہی عزت برقرار رہنے اور کھلاڑیوں کے مورال میں ضرور اضافہ ہونے کی توقع ہے. دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا آخری معارکہ اسی میدان پر 21 اگست کو کھیلا جائے گا.

زمبابوے بمقابلہ بنگلہ دیش
چوتھا ایک روزہ مقابلہ (19 اگست 2011) بمقام: کوئینز اسپورٹس کلب، بولاوایو

نتیجہ: بنگلہ دیش 6 وکٹ کامیاب
مین آف دی میچ: روبیل حسین (بنگلہ دیش)
سیریز: زمبابوے: 0؛ بنگلہ دیش: 2؛

زمبابوےزمبابوے رنز گیندیں چوکے چھکے
برینڈن ٹیلر ک محمود اللہ ب روبیل حسین 106 137 7 1
ووسی سبانڈا ک مشفیق الرحیم ب شفیع الاسلام 18 24 4 0
ہملٹن ماساکازا ک مشفیق الرحیم ب محمود اللہ 0 6 0 0
ٹاٹنڈا ٹائبو رن آؤٹ (ناصر حسین / مشفیق الرحین) 7 16 1 0
فورسٹر موٹزوا ک مشفیق الرحیم ب شکیب الحسن 9 15 1 0
ایلٹن چگمبرا ک ناصر حسین ب روبیل حسین 31 65 1 0
میلکم والر ہٹ وکٹ ب روبیل حسین 12 9 1 1
پروسپر اتسیا ب شفیع الاسلام 0 3 0 0
رے پرائس ک مشفیق الرحیم ب روبیل حسین 0 2 0 0
کائل جرویس ب عبدالرزاق 1 8 0 0
کرس ایمپوفو آؤٹ نہیں ہوئے 1 5 0 0
فاضل رنز (6 لیگ بائے؛ 8 وائڈ) 14
مجموعہ (48.2 اوورز میں تمام کھلاڑی آؤٹ) 199

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
شفیع الاسلام 10 0 47 2
روبیل حسین 9 1 31 4
عبدالرزاق 9.2 0 31 1
محمود اللہ 9 0 36 1
شکیب الحسن 6 0 25 1
شوواگوٹو ہوم 2 0 9 0
ناصر حسین 3 0 14 0

 

بنگلہ دیشبنگلہ دیش رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ایل بی ڈبلیو رے پرائس 61 53 9 0
امرالقیس ک ہملٹن مساکاٹزا ب کرس ایمپوفو 28 20 3 2
جنید صدیق ک کائل جرویس ب پروسپر اتسیا 14 20 1 1
مشفق الرحیم ک ووسی سبانڈا ب کائل جرویس 16 40 1 0
شکیب الحسن آؤٹ نہیں ہوئے 39 47 5 0
شووگتو ہوم آؤٹ نہیں ہوئے 35 40 6 0
فاضل رنز (1 لیگ بائے؛ 9 وائڈ) 10
مجموعہ (36.4 اوورز میں چار کھلاڑی آؤٹ) 203

 

زمبابوے (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
کرس ایمپوفو 10 0 49 1
کائل جرویس 6 0 44 1
پروسپر اتسیا 10 0 65 1
رے پرائس 9 1 35 1
میلکم والر 1 0 5 0
ہملٹن ماساکازا 0.4 0 4 0