شکیب اور محمود اللہ کی آل راؤنڈ کارکردگی، بنگلہ دیش آخری مقابلے میں بھی فتحیاب

1 1,045

کپتان شکیب الحسن کی کھیل کے تینوں شعبوں بلے بازی، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی کی بدولت بالآخر بنگلہ دیش فتح کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے اور زمبابوے کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پانچویں و حتمی مقابلے میں 93 رنز کی زبردست فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ لیکن اس کے باوجود سیریز میزبان زمبابوے ہی کے نام رہی جس نے ابتدائی تینوں مقابلوں میں بنگلہ دیش کو زیر کیا تاہم آخری دونوں میچز میں کامیابی سے بنگلہ دیش کسی حدتک شکستوں کے صدمے سے باہر نکل آیا ہے۔

میچ کا ایک افسوسناک واقعہ، بنگلہ دیشی بلے باز ناصر حسین کا ایک تیز شاٹ سیدھا زمبابوین باؤلر کیگان میتھ کے چہرے پر جا لگا جس نے ان کے دانت ٹوٹ گئے۔ زیر نظر تصویر میں طبی عملہ انہیں ابتدائی طبی امداد دے رہا ہے
میچ کا ایک افسوسناک واقعہ، بنگلہ دیشی بلے باز ناصر حسین کا ایک تیز شاٹ سیدھا زمبابوین باؤلر کیگان میتھ کے چہرے پر جا لگا جس نے ان کے دانت ٹوٹ گئے۔ زیر نظر تصویر میں طبی عملہ انہیں ابتدائی طبی امداد دے رہا ہے

زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا لیکن اس کے باؤلرز وہ کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے جس کی بدولت میزبان ٹیم نے ابتدائی تینوں مقابلوں میں فتوحات سمیٹی تھیں۔ اس کے باوجود بلے بازوں کے لیے ایک آسان پچ پر انہوں نے بنگلہ دیش کو بہت بڑا مجموعہ اکٹھا نہ کرنے دیا۔

ابتداء میں تمیم اقبال کی 45 رنز کی اننگز کے باوجود بنگلہ دیش کو لوئر مڈل آرڈر میں ایک بڑی شراکت داری کی ضرورت تھی تاکہ وہ ایک اچھا ہدف دے سکے۔ اور یہ کارنامہ کپتان شکیب الحسن اور محمود اللہ نے انجام دیا جنہوں نے چھٹی وکٹ پر 107 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی۔ شکیب ایسے موقع پر میدان میں اترے جب 127 رنز پر بنگلہ دیش کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور اننگز کے ابھی 20 اوورز باقی تھے۔ اس صورتحال میں نے محمود اللہ کے ساتھ ایک اچھی شراکت داری قائم کر کے ایک مورال بلند کرنے والی فتح کی بنیاد رکھی۔

شکیب الحسن نے 71 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے جبکہ دوسرے اینڈ سے محمود اللہ نے 67 گیندوں پر اتنے ہی چوکوں اور چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 60 رنز بنائے اور بنگلہ دیشی اننگز کو دو مضبوط ستون فراہم کیے، جس پر انہوں نے 253 رنز کا دفاع کے قابل مجموعہ اکٹھا کیا۔ اس اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ 127 رنز پر 5 وکٹیں کھو دینے کے باوجود ہدف حتمی اسکور تک پہنچنے تک بنگلہ دیش نے صرف ایک وکٹ گنوائی۔

بنگلہ دیشی اننگز کا اختتام ایک افسوسناک واقعے کے ساتھ ہوا جب آخری اوور کی آخری گیند پر مہمان بلے باز ناصر حسین کا ایک تیز شاٹ براہ راست 23 سالہ زمبابوین باؤلر کیگان میتھ کے چہرے پر جا لگا جس سے ان کے سامنے کے دانت ٹوٹ گئے اور وہ شدید تکلیف میں میدان میں گر پڑے۔ طبی عملہ فوری طورپر میدان میں پہنچا اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ وہ بعد ازاں بلے بازی کرنے کے لیے بھی میدان میں نہ آ سکے۔ انہوں نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دیگر زمبابوین باؤلرز میں رے پرائس نے تین اور ایلٹن چگمبورا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جب ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی اننگز کا آغاز ہو اتو کپتان برینڈن ٹیلر (صفر) ایک مرتبہ پھر ناکام ہو کر ٹیم کو مشکلات سے دوچار کر گئے۔ گو کہ ان فارم بلے بازوں نے ووسی سبانڈا اور ہملٹن ماساکازا اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن حریف کپتان شکیب الحسن نے بلے بازی کے بعد گیند بازی میں بھی اپنے جوہر دکھاتے ہوئے اس شراکت کا خاتمہ کر دیا جو 57 رنز کا اضافہ کر چکی تھی۔ اس کے بعد سوائے میلکم والر (51 رنز) اور فورسٹر موتزیوا (27 رنز) کے کوئی بلے بازی بنگلہ دیشی باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ خصوصاً بلے بازی میں کمال دکھانے والے دونوں کھلاڑیوں شکیب الحسن اور محمود اللہ نے باؤلنگ میں بھی اپنے جوہر دکھائے اور سبانڈا، ٹائبو، چگمبورا، والر اور اوتسیا کی صورت میں زمبابوے کی پانچ اہم ترین وکٹیں لے اڑے۔

زمبابوے کی پوری ٹیم محض 160 پر ڈھیر ہو گئی جبکہ ان کی اننگز کے تقریباً 12 اوورز ابھی باقی تھے۔ محمود اللہ کی تین اور شکیب الحسن کی 2 وکٹوں کے علاوہ شفیع الاسلام، روبیل حسین اور عبد الرزاق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح بنگلہ دیش، جو واحد ٹیسٹ اور ابتدائی تینوں ایک روزہ مقابلوں میں شکست کے بعد زبردست تنقید کی زد میں تھا، نے آخری دو ایک روزہ مقابلوں میں فتح حاصل کر کے کسی حد تک ازالہ کرنے کی کوشش کی ہے تاہم بحیثیت مجموعی ان کا یہ دورہ ناکام ہی شمار ہوا کیونکہ ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں سیریز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

حتمی مقابلے میں آل راؤنڈ کارکردگی پر شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز کے ابتدائی مقابلوں میں اپنی تباہ کن گیند بازی سے فیصلہ کن کارکردگی ادا کرنے والے نوجوان زمبابوین باؤلر برائن وٹوری کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

زمبابوے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایک اور سیریز کھیلے گا جس میں اس کا سامنا پاکستان جیسے نسبتاًمضبوط حریف سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں یکم اگست سے شروع ہونے والی سیریز میں ایک ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائيں گے۔

زمبابوے بمقابلہ بنگلہ دیش
پانچواں ایک روزہ مقابلہ (21 اگست 2011) بمقام: کوئینز اسپورٹس کلب، بولاوایو

نتیجہ: بنگلہ دیش 93 رنز سے کامیاب
مین آف دی میچ: شکیب الحسن (بنگلہ دیش)
مین آف دی سیریز: برائن وٹوری (زمبابوے)

بنگلہ دیشبنگلہ دیش رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ک ایلٹن چگمبرا ب رے پرائس 45 65 5 0
امرالقیس ک ٹٹنڈا ٹائبو ب کیگن میتھ 9 26 0 0
محمد اشرفل ک ٹٹنڈا ٹائبو ب ایلٹن چگمبرا 15 24 3 0
مشفق الرحیم ک ووسی سبانڈا ب رے پرائس 20 31 1 0
شکیب الحسن ب کیگن میتھ 79 71 5 1
شووگتو ہوم ک میلکم والر ب رے پرائس 3 10 0 0
محمود اللہ آؤٹ نہیں ہوئے 60 67 5 1
ناصر حسین آؤٹ نہیں ہوئے 8 6 1 0
فاضل رنز (3 لیگ بائے؛ 11 وائڈ) 14
مجموعہ (50 اوورز؛ 6 کھلاڑی آؤٹ) 253

 

زمبابوے (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
کرس ایمپوفو 10 1 53 0
کیگن میتھ 10 0 56 2
ایلٹن چگمبرا 9 0 44 1
پراسپر اتسیا 10 0 39 0
رے پرائس 10 2 51 3
میلکم والر 1 0 7 0

0

زمبابوےزمبابوے رنز گیندیں چوکے چھکے
برینڈن ٹیلر ک مشفیق الرحیم ب روبیل حسین 0 2 0 0
ووسی سبانڈا ک تمیم اقبال ب شکیب الحسن 34 44 5 2
ہملٹن ماساکازا ایل بی ڈبلیو ب عبدالرزاق 28 43 3 0
ٹاٹنڈا ٹائبو ایل بی ڈبلیو ب شکیب الحسن 7 14 1 0
فورسٹر موٹزوا رن آؤٹ (شکیب الحسن / مشفیق الرحیم) 27 38 2 0
میلکم والر ک امرالقیس ب محمود اللہ 51 70 4 0
ایلٹن چگمبرا ک امرالقیس ب محمود اللہ 1 5 0 0
پروسپر اتسیا ک عبالرزاق ب محمود اللہ 7 12 0 0
رے پرائس ک ناصر حسین ب شفیع الاسلام 0 2 0 0
کرس ایمپوفو آؤٹ نہیں ہوئے 0 0 0 0
کیگن میتھ بلے بازی نہیں کی -
فاضل رنز (1 لیگ بائے؛ 4 وائڈ) 5
مجموعہ (38.2 اوورزل تمام کھلاڑی آؤٹ) 160

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
شفیع الاسلام 6.2 0 26 1
روبیل حسین 6 0 34 1
عبدالرزاق 9 1 31 1
شکیب الحسن 7 0 26 2
ناصر حسین 4 0 18 0
محمد اشرفل 2 0 11 0
محمود اللہ 4 0 13 3