مالنگا کی شاندار ہیٹ ٹرک؛ کینگروز نے گھٹنے ٹیک دیئے

5 1,064

گیند کرانے کے جداگانہ انداز کے حامل سری لنکن گیند باز لاستھ مالنگا نے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی تیسری ہیٹ ٹرک مکمل کرلی. سری لنکا اور آسٹریلیا کے مابین پانچواں اور آخری میچ لاستھ مالنگا کی شاندار ہیٹ ٹرک اور مہیلا جے وردھنے و چمارا سلوا کی زبردست گیند بازی کی بدولت میزبان ٹیم کے نام رہا.

Lasith Malinga grabs 3rd ODI hat trick
لاستھ مالنگا نے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی تیسری ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (اے پی)

کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا محض 211 رنز ہی بنا پایا. جواب میں سری لنکن اننگ کا انتہائی مایوس کن آغاز ہوا اور میزبان ٹیم کے ابتدائی تین اہم اور مستند بلے باز صرف 33 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے. ان میں اوپنر اوپل تھارنگا، کپتان تلکارتنے دلشان اور کمار سنگاکارا شامل تھے. اس موقع پر سینئر سری لنکن بلے باز مہیلا جے وردھنے اور چمارا سلوا نے صحیح معنی میں اپنی ٹیم کو سہارا دیا. دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ہدف کی جانب کامیاب پیش رفت جاری رکھی. کے وردھنے اور چمارا سلوا نے 111 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے سری لنکا کے مجموری اسکور کو 144 تک پہنچا دیا. اس دوران چمارا سلوا نے نے اپنی شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے گزشتہ کئی میچوں سے جاری اپنی خراب فارم کے خاتمے کی نوید سنائی اور کسی حد تک اپنے ناقدین کے منہ بھی بند کر دیے۔

چمارا سلوا کے بعد اینجلو میتھیوز میدان وارد ہوئے اور اپنے سینئر کھلاڑی کا بھرپور ساتھ دیا. 195 کے مجموعہ پر جے وردھنے رخصت ہوئے تاہم ان کی ذمہ دارانہ اننگ زکی بدولت میچ پوری طرح سری لنکا کی گرفت میں آچکا تھا. جے وردھنے نے آسٹریلوی گیند بازوں کے تمام تر حربوں اور حملوں کا مردانہ وار جواب دیتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگ سجائی. جے وردھنے اور سلوا کی فراہم کردہ مستحکم بنیاد کو استعمال کرتے ہوئے سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 47 اوور میں ہی حاصل کرلیا.

اس سے قبل آسٹریلیا نے بلے بازی کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان محض 4 کے مجموعی اسکور پر ہوگیا. تاہم بعد ازان شین واٹسن اور رکی پونٹنگ کی جوڑی نے ایک اچھی شراکت داری قائم کی اور اسکور 67 رنز کا اضافہ کیا. رکی پونٹنگ کی رخصتی کے بعد مائیکل کلارک نے شین واٹسن کے ہمراہ اسکور میں اضافہ کرنا شروع کیا اور اسکور کو 127 تک لے گئے. واٹسن اور پھر کلارک کی رخصتی کے بعد آسٹریلوی اننگ ایک بار پھر لڑکھڑاگئی. اس موقع پر ڈیوڈ ہسی نے بہتر انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے اسکور میں اضافے کی کوششیں جاری رکھیں لیکن 210 کے مجموعی اسکور پر جیوان مینڈس نے انہیں پویلین لوٹا دیا.

Australia win series 3-2 over Srilanka
آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ مقابلوں کی سیریز 3-2 سے جیت لی (اے پی)

اگلا اوور سری لنکن پیس اٹیک کے اہم ترین رکن لاستھ مالنگا کو دیا گیا جنہوں نے مسلسل تین گیندوں پر تین کینگرو بلے بازوں کو میدان بدر کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی. مالنگا نے اوور کی دوسری گیند پر مچل جانسن کو ایک سیدھی اور تیز یارکر کے ذریعے بولڈ کیا، تیسری گیند پر ایک فل ٹاس کے ذریعے جان ہیسٹنگز کو ایل بی ڈبلیو کیا اور اگلی ہی گیند پر برق رفتار یارکر کے ذریعے زاویئر ڈوہرٹی کی وکٹیں اکھاڑ پھینکیں. آخری رہ جانے والے بلے باز کو جیون مینڈس نے ٹھکانے لگایا اور یوں آسٹریلیا کی اختتامی پانچ وکٹیں اسکور میں صرف 1 رنز کے اضافے سے گر گئیں.

لاستھ مالنگا کو ناقابل فراموش کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 35 رنز کے عوض 3 کینگروز شکار کیے.

دوسری جانب آسٹریلیا کے مائیکل کلارک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. کلارک نے پانچ مقابلوں کی سیریز میں سب سے زیادہ 242 رنز بنائے.

اس شاندار فتح کے باوجود میزبان سری لنکا کے لیے یہ ایک مایوس کن سیریز رہی جو ابتدائی دونوں اور پھر چوتھا ایک روزہ مقابلے میں ہزیمت آمیز شکست کے ساتھ سیریز ہار چکا تھا۔ اس لیے آخری ایک روزہ میں فتح بھی اس کے لیے کسی کام کی نہ رہی اور سیریز 3-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا
پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ
بتاریخ: 22 اگست 2011ء بمقام: پریماداسہ اسٹیڈیم، کولمبو
نتیجہ: سری لنکا 4 وکٹوں سے فتحیاب
بہترین کھلاڑی: لاستھ مالنگا (سری لنکا)
سیریز کے بہترین کھلاڑی: مائیکل کلارک (آسٹریلیا)

آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ک اوپل تھارنگا ب اجنتھا مینڈس 56 84 6 1
شان مارش ب شمندا ایرنگا 2 6 0 0
رکی پونٹنگ ک (متبادل) رندیو ب شمندا ایرنگا 31 35 6 0
مائیکل کلارک ک کمار سنگاکار ب شمندا ایرنگا 47 67 3 0
مائیکل ہسی ک کمار سنگاکارا ب سیکوگے پراسانہ 6 16 0 0
ڈیوڈ ہسی ب اجنتھا مینڈس 46 49 5 1
بریڈ ہیڈن ک مہیلا جے وردھنے ب اجنتھا مینڈس 8 14 1 0
مچیل جانسن ب لاستھ مالنگا 1 4 0 0
جان ہیسٹنگ ایل بی ڈبلیو ب لاستھ مالنگا 0 1 0 0
ژاوئیر ڈوہرٹی ب لاستھ مالنگا 0 1 0 0
جیمز پیٹنسن آؤٹ نہیں ہوئے 0 2 0 0
فاضل رنز (2 بائے؛ 2 لیگ بائے؛ 8 وائڈ؛ 2 نوبالز) 14
مجموعہ (46.1 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ) 211

 

سری لنکا اوورز میڈن رنز وکٹ
لاستھ مالنگا 8 2 35 3
شمندا ایرنگا 8 0 45 2
سیکوگے پراسانہ 10 1 37 1
اینجلو میتھیوس 3 0 6 1
جیوان مینڈس 8 0 35 0
اجنتھا مینڈس 9.1 0 49 3

 

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک بریڈ ہیڈن ب مچیل جانسن 0 4 0 0
تلکارتنے دلشان ب جیمز پیٹنسن 17 16 3 0
کمار سنگاکارا ک بریڈ ہیڈن ب جیمز پیٹنسن 7 7 1 0
مہیلا جے وردھنے ک ڈیوڈ ہسی ب ژاویئر ڈوہرٹی 71 119 6 0
چمارا سلوا ک جان ہیسٹنگ ب ژاویئر ڈوہرٹی 63 71 8 1
اینجلو میتھیوز ک ژاویئر ڈوہرٹی ب شین واٹسن 26 49 2 0
جیوان مینڈس آؤٹ نہیں ہوئے 7 14 1 0
شمندا ایرنگا آؤٹ نہیں ہوئے 0 2 0 0
فاضل رنز (7 لیگ بائے؛ 15 وائڈ) 22
مجموعہ (47 اوورز؛ 6 کھلاڑی آؤٹ) 213

 

آسٹریلیا باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
مچل جانسن 10 0 45 1
جیمز پیٹنسن 10 1 41 2
ژاویئر ڈوہرٹی 10 0 54 2
جان ہیسٹنگز 10 0 28 0
شین واٹسن 6 0 33 1
ڈیوڈ ہسی 1 0 5 0