پاکستان کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ملکی کوچ، وقار کے بعد اعجاز کی عارضی تقرری کا بھی امکان: ذرائع

4 1,048

وقار یونس کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو نئے کوچ کی تلاش میں شدید دشواری کا سامنا ہے اور صورتحال کچھ اس طرح ہے کہ بورڈ خود فیصلہ نہیں کر پا رہا کہ نظر انتخاب غیر ملکی کوچ پر ڈالی جائے یا مقامی کوچ پر ۔

اعجاز احمد کو دورۂ زمبابوے کے لیے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے
اعجاز احمد کو دورۂ زمبابوے کے لیے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے

کرک نامہ کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس وقت بورڈ کی اولین ترجیح مقامی یعنی ملکی کوچ ہی ہے اور اگر اگلے ایک ماہ میں قومی کرکٹ ٹیم کو نیا کوچ میسر نہ آ سکا تو بہت زیادہ امکانات ہیں کہ اعجاز احمد کو ہی ان کی کارکردگی بنیاد پر عارضی طور پر کوچ بنا دیا جائے۔

اعجاز احمد کو چند روز قبل قومی کرکٹ ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ و بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا اور وہ دورہ زمبابوے میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

وقار یونس نے مبینہ طبی مسائل کی وجہ سے دورہ زمبابوے کے بعد عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔ جبکہ پاکستان کو اکتوبر یا نومبر میں سری لنکا کے خلاف 'ہوم' سیریز کھیلنی ہےجو ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

ذریعے نے بتایا ہے کہ وقار یونس کے جانے کے بعد کرکٹ بورڈ کے حکام کو ایک ایسے تجربہ کار و اچھی ساکھ کے حامل سابق کھلاڑی کی ضرورت ہے جس کے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے روابط اچھے ہوں۔اس حوالے سے بورڈ حکام کا ایک اجلاس بھی منعقد ہو چکا ہے جس میں انضمام الحق،معین خان،وسیم اکرم اور ظہیر عباس کے نام زیر غور آئے ہیں تاہم اس اجلاس کے بعد اس سلسلے میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی بلکہ ایک لحاظ سے بورڈ حکام کی سوچ اس معاملے پر بٹی ہوئی ہے کیونکہ چند ایک عہدیدار بھارت، انگلستان ودیگر ٹیموں کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایک غیر ملکی کوچ کی تعیناتی کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تاہم پی سی بی کے پاس نئے کوچ کی تقرری کے لیے وقت کم ہے اس لیے توقع ہے کہ اعجاز احمد کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے انہی کو کوچ مقرر کردیا جائے۔