انگلستان کو باضابطہ طور پرعالمی نمبر ایک قرار دے دیا گیا

1 1,015

بھارت کے خلاف سیریز میں تمام ٹیسٹ میچز میں شاندار کامیابی کے بعد انگلستان ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست آ گیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان پیر کو چوتھے ٹیسٹ کے اختتام پرکیا گیا جہاں انگلستان نے اننگز اور 8 رنز سےکامیابی سمیٹی۔

انگلش ٹیم باضابطہ طور پر عالمی نمبر ایک قرار دیے جانے کے بعد گرز نما ٹرافی کے ساتھ
انگلش ٹیم باضابطہ طور پر عالمی نمبر ایک قرار دیے جانے کے بعد گرز نما ٹرافی کے ساتھ

کرک نامہ کو موصول ہونے والے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اعلامیہ کے مطابق اوول ٹیسٹ کے بعد ہونے والی خصوصی تقریب میں آئی سی سی کے چیف ہارون لورگاٹ نے اینڈریو اسٹراس کو اس 'گرز' سے نوازا جو ان کے نمبر ایک ہو جانے کی تصدیق ہے۔

اس موقع پر ہارون لورگاٹ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کی۔

انگلستان درجہ بندی کے موجودہ نظام کو متعارف کروائے جانے کے بعد چوتھی ٹیم ہے جس نے نمبر ایک پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بھارت کے پاس رہا ہے۔

گو کہ انگلستان ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے بعد ہی نمبر ون پوزیشن حاصل کر چکا تھا لیکن آئی سی سی کے قوانین کے مطابق باضابطہ اعلان سیریز کے خاتمے پر ہی کیا جاتا ہے۔ اوول میں کھیلے گئے چوتھے و آخری ٹیسٹ میں شکست کے بعد انگلستان نے نہ صرف اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے بلکہ بھارت کو بھی تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا عالمی درجہ بندی کی سرفہرست ٹیم کے لیے تیار کردہ 'گرز' مئی 2001ء میں متعارف کروایا گیا تھا۔ برطانیہ کے شاہی جوہری ایپرے اینڈ جیرارڈ کی تیار کردہ 90 سینٹی میٹر کی ٹرافی چاندی و سونے سے تیار کردہ ہے۔ تیاری کے وقت اس ٹرافی کی مالیت 30 ہزار برطانوی پاؤنڈز تھی۔

ہر سال یکم اپریل کو جو ملک عالمی ٹیسٹ درجہ بندی میں سرفہرست ہوتا ہے اسے ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم سے نوازا جاتا ہے جبکہ دوسری پوزیشن پر موجود ملک 75 ہزار ڈالرز کا حقدار ٹھیرتا ہے۔

عالمی درجہ بندی کے حوالے سے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ ملاحظہ کیجیے۔