مالنگا ایک روزہ کرکٹ میں تیسری ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے باؤلر

3 1,032

سری لنکا کے تیز گیند باز لاستھ مالنگا نے آسٹریلیا کے خلاف سیریزکے پانچویں ایک روزہ مقابلے میں ہیٹ ٹرک اسکور کر کے گیند بازوں میں ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔وہ تاریخ کے پہلے گیند باز بن گئے ہیں جنہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تین مرتبہ ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

مالنگا کیریئر میں تیسری مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد خوشی سے سرشار
مالنگا کیریئر میں تیسری مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد خوشی سے سرشار

کولمبو کے راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں و آخری ایک روزہ مقابلےمیں مالنگا نے تین مستقل گیندوں پر مچل جانسن کو بولڈ، جان ہیسٹنگز کو ایل بی ڈبلیو اور زاویئر ڈوہرٹی کو بولڈ کر کے آسٹریلین بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیا۔

مالنگا کی پہلی ہیٹ ٹرک ہی ایک لحاظ سے بہت انوکھی تھی جب انہوں نے 2007ء کے عالمی کپ کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے اپنی دوسری ہیٹ ٹرک عالمی کپ 2011ء میں کینیا کے خلاف کولمبو میں کی جبکہ اسی میدان پر انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

اس سے قبل دنیا کے کسی گیند باز نے دو سے زیادہ ہیٹ ٹرکس نہیں کی ہیں۔ جن میں پاکستان کے دو مایہ ناز باؤلرز وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق اور مالنگا کے ہم وطن چمندا واس شامل ہیں۔

وسیم اکرم نے اکتوبر 1989ء میں شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور اگلے سال اسی میدان میں آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تین گیندوں پر تین حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگانے کا اعزاز حاصل کیا۔

آف اسپنر ثقلین مشتاق نے نومبر 1996ء میں زمبابوے کے خلاف پشاور میں ہیٹ ٹرک کی اور اسی حریف کے خلاف 1999ء کے عالمی کپ کے دوران اوول کے مقام پر ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

مالنگا کے ہم وطن چمندا واس نے اپنی پہلی ہیٹ ٹرک دسمبر 2001ء میں کولمبو میں زمبابوے کے خلاف کی جبکہ دوسری و آخری ہیٹ ٹرک بنگلہ دیش کے خلاف فروری 2003ء میں کی۔