پاکستان کے بلے بازوں کی ناکامی کا سلسلہ جاری، پریکٹس میچ میں 222 پر ڈھیر

2 1,055

غیر ملکی دوروں پر بیٹنگ لائن کی ناکامی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئی ہے اور زمبابوے کے دورے کے پہلے مرحلے میں پریکٹس میچ میں محض 222 پر آل آؤٹ ہو گئی۔

کپتان مصباح الحق صفر پر آؤٹ ہوئے
کپتان مصباح الحق صفر پر آؤٹ ہوئے

بلاوایو کے ایتھلیٹک کلب میں گزشتہ روز شروع ہونے والے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور سوائے یونس خان اور اظہر علی کی ذمہ دارانہ نصف سنچریوں کے کوئی بلے باز اہم کردار ادا نہ کر سکا۔ ان دونوں بلے بازوں کی یہ اننگز ہی تھیں جس کی بدولت پاکستان ایک نسبتا بہتر مجموعے تک پہنچا۔

زمبابوے الیون نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو 22 پر پاکستان کے دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ توفیق عمر نے محض 9 رنز بنائے۔

آئی سی سی کی جانب سے حال ہی میں "بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی" کے اعزاز کے لیے نامزد کیے گئے اظہر علی نے اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور تجربہ کار یونس خان کے ساتھ اسکور کو 133 تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے۔ یونس خان 71 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اظہر علی نے 67 رنز بنائے۔

ان دونوں کے علاوہ کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ کپتان مصباح الحق صفر، عمر اکمل 9 اور عدنان اکمل 24 رنز ہی بنا پائے۔

زمبابوے کی جانب سے گریگ لیمب نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں زمبابوے نے 30 رنز بنائے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔ کپتان ٹینو ماوویو 9 اور چامو چی بھابھا 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

میچ میں پاکستان کا باؤلنگ اٹیک نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جس میں اعزاز چیمہ، جنید خان، یاسر شاہ اور سہیل خان شامل ہیں۔ جہاں تجربہ کار بیٹنگ نہ چل سکی وہاں نوجوان کیا کارکردگی دکھاتے ہیں، اس کا اندازہ آج ہو جائے گا۔