پاکستانی باؤلرز کا بھرپور فائٹ بیک، پریکٹس میچ ڈرا

1 1,041

پاکستان اور زمبابوے الیون کے درمیان دو روزہ پریکٹس بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہو گیا۔ بلے بازی میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد پاکستان کے نو آموز باؤلنگ اٹیک نے ٹیم کی لاج رکھ لی لیکن پھر بھی زمبابوے پاکستان پر 3 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ جس کے جواب میں نے دوسرے روز کے اختتام تک دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 72 رنز بنائے۔

جنید خان 4 وکٹیں لے کر نمایاں ترین گیند باز رہے
جنید خان 4 وکٹیں لے کر نمایاں ترین گیند باز رہے

پاکستان کے پہلی اننگز کے 222 رنز کے جواب میں زمبابوے الیون نے بغیر کسی نقصان کے 33 رنز کے ساتھ دوسرے روز کا آغاز کیا تو چامو چی بھابھا (70 رنز)، گریگ لیمب (40)، کریگ اروائن (23) اور میلکم والر (32) کے زمبابوے کا کوئی کھلاڑی پاکستانی باؤلنگ خصوصاً جنید خان کے سامنے نہ ٹک سکا۔ آخر میں این جابولو این کوبے کے 20 رنز سے پاکستان کی برتری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا اور زمبابوے الیون 225 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

جنید خان نے دو ابتدائی اور دو آخری بلے بازوں کو ٹھکانے لگا کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کو میچ میں واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ نوجوان یاسر شاہ اور سعید اجمل نے 2،2 جبکہ اعزاز چیمہ اور محمد حفیظ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان نے میچ کے اختتام تک 72 رنز بنائے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر محمد حفیظ تھے جنہوں نے 39 رنز بنائے۔ جبکہ توفیق عمر 18 اور مصباح الحق 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم ستمبر سے بلاوایو میں کھیلا جائے گا۔ پریکٹس میچ میں بلے بازوں کی کارکردگی نے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کیونکہ زمبابوے اس وقت بھرپور فارم میں ہے جس نے حال ہی میں ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ میں بنگلہ دیش کو زیر کیا ہے اور ہوم کنڈیشنز میں وہ پاکستان کو بھی ناکوں چنے چبوا سکتاہے۔