سری لنکا اور انگلستان کے خلاف ڈی آر ایس استعمال نہیں ہوگا؛ پاکستان کرکٹ بورڈ

1 1,031

سری لنکا اور انگلستان کے خلاف اگلی دونوں 'ہوم' سیریز کے ٹیسٹ مرحلے میں پاکستان امپائرز کے فیصلوں پر نظرثانی کا نظام (ڈی آر ایس) استعمال نہیں کرے گا البتہ ایک روزہ مقابلوں میں اس کا استعمال کیا جائے گا۔

پاکستان ڈی آر ایس کے استعمال کا حامی رہا ہے
پاکستان ڈی آر ایس کے استعمال کا حامی رہا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے نشریات کار ٹین اسپورٹس کے ساتھ ڈی آر ایس کے لیے درکار ٹیکنالوجی کی دستیابی کے لیے ضروری سرمایہ کاری پر حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا۔

بھارت کے قومی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سبحان احمد نے کہا کہ ہم بنیادی طور پر ڈی آر ایس کے حامی ہیں اور ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں سیریز میں اس کا استعمال چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم ٹیسٹ مرحلے کے لیے اپنے نشریات کار کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل نہیں دے پائے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے رواں سال جون میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں ڈی آر ایس کو تمام ٹیسٹ اور ایک روزہ مقابلوں کے لیے لازمی قرار دیا تھا اور سبحان احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اپنے نشریات کار کے ساتھ معاہدہ اس وقت ہوا تھا جب ڈی آر ایس کو لازمی قرار نہیں دیا گیا تھا، اس لیے معاہدے میں یہ شق ہی موجود نہیں کہ ڈی آر ایس کے لیے وسائل کہاں سے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اگلے معاہدے پر دستخط کریں گے تو اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ ٹیسٹ اور ایک روزہ میں ڈی آر ایس سسٹم کے استعمال کے اخراجات پر معاملات واضح کیے جائیں۔

اس وقت بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا لازمی ڈی آر ایس کا فیصلہ بھی تماشا بنا ہوا ہے۔ کم از کم معیار کے مطابق بال ٹریکنگ ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری نہیں ہے جبکہ ہاٹ اسپاٹ کا استعمال لازمی ہے اور اسی معیار کو انگلستان بھارت سیریز میں اپنایا گیا جبکہ دوسری جانب آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز ہاٹ اسپاٹ کو نکال دیا گیا اور صرف بال ٹریکنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی جبکہ پاک-زمبابوے سیریز میں کسی بھی ٹیکنالوجی کو گھاس نہیں ڈالی گئی اور سیریز بغیر ڈی آر ایس کے کھیلی گئی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کی سیریز اگلے ماہ اکتوبر سے شروع ہوگی جبکہ پاکستان متحدہ عرب امارات میں ہی اگلے سال جنوری میں انگلستان کے خلاف تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز کھیلے گا۔