پاکستان نیوزی لینڈ دوسرا ون ڈے بارش کی نذر

4 1,044

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

یہ میچ کوئنزٹاؤن میں دنیا کے خوبصورت ترین میدانوں میں سے ایک میں کھیلا جانا تھا۔ ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔‬ تاہم کھیل شروع ہونے کے چند ہی منٹ بعد میچ کو موسلا دھار بارش نے آ لیا۔

کوئنز ٹاؤن کا موسم دن بھر ابر آلود رہا (© گیٹی امیجز)

پاکستان نے اپنے دستے میں شامل کم عمر ترین کھلاڑی احمد شہزاد کو بطور اوپنر کھلانے کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد کی برق رفتاری بدولت پاکستان نے 4.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 31 رنز بنائے۔ احمد شہزاد نے 16 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی بدولت 25 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھی اوپنر محمد حفیظ 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ مجموعی طور پر پاکستان نے میچ کے لیے تین تبدیلیاں کی تھیں اور شعیب اختر، اسد شفیق اور عبد الرحمن کی جگہ وہاب ریاض، عمر گل اور احمد شہزاد کو میدان میں اتارا۔

دونوں ٹیمیں اب 29 جنوری بروز ہفتہ تیسرے ایک روزہ مقابلے میں آمنے سامنے ہوگی جو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس روز بھی بارش متوقع ہے۔

تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر کو کپتانی سونپنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ ڈينیل ویٹوری اگلا میچ نہیں کھیلیں گے۔ علاوہ ازیں عالمی کپ کے لیے اعلان کردہ حتمی اسکواڈ میں شامل واحد ناتجربہ کار کھلاڑی لیوک ووڈکوک کو بھی میچ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عالمی کپ میں کھیلنے سے قبل وہ کچھ بین الاقوامی تجربہ حاصل کر لیں۔ اگلے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کا اعلان کردہ 12 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

روس ٹیلر (کپتان)، ہمیش بینیٹ، مارٹن گپٹل، جیمی ہاؤ، ناتھن میک کولم، برینڈن میک کولم، کائل ملز، جیکب اورم، ٹم ساؤتھی، اسکاٹ اسٹائرس، لیوک ووڈکوک اور کین ولیم سن۔