ایک روزہ عالمی درجہ بندی، بھارت کی تنزلی، پاکستان کو کلین سویپ پر ایک پوائنٹ

1 1,021

عالمی چیمپئن بھارت انگلستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے اور انگلستان کو شاندار کامیابی چوتھے درجے پر لے آئی ہے۔ جبکہ پاکستان زمبابوے کے خلاف کلین سویپ کے بعد ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے لیکن وہ بدستور چھٹی پوزیشن پر ہی ہے۔

انگلستان کو مستقل اچھی کارکردگی اور قیادت کا پھل مل گیا (تصویر: Getty Images)
انگلستان کو مستقل اچھی کارکردگی اور قیادت کا پھل مل گیا (تصویر: Getty Images)

یہ اکتوبر 2008ء کے بعد بھارت کی عالمی درجہ بندی میں بدترین پوزیشن ہے۔ ناقص کارکردگی کے نتیجے میں ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن سے محروم رہنے کے بعد یہ بھارت کو پہنچنے والا دوسرا بڑا نقصان ہے۔ بھارت ٹیسٹ میں پہلی پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد اب تیسری پوزیشن پر ہے۔

ٹیسٹ کی طرح ایک روزہ سیریز میں بھی بھارت کوئی مقابلہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور اوول میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں شکست کے بعد وہ چوتھی پوزیشن پر آن پہنچا تھا لیکن کارڈف میں کھیلے گئے آخری مقابلے میں ڈک ورتھ لوئس طریق کار کے تحت ہونے والی شکست اس کو پانچویں پوزیشن پر لانےکا سبب بنی۔

اس کے مقابلے میں انگلستان نے شاندار و ناقابل شکست کارکردگی کے بعد ایک درجہ ترقی پائی ہے اور پانچویں سے چوتھی پوزیشن پر چلا گیا۔ تین مقابلے جیتنے کے نتیجے میں انگلستان کو چھ قیمتی پوائنٹس ملے جس کی بدولت وہ بھارت پر ایک پوائنٹ برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا اور چوتھی پوزیشن پر قابض ہوا جہاں وہ جنوبی افریقہ سے محض تین پوائنٹس پیچھے ہے۔

البتہ بھارت کے پاس نہ صرف اپنی کھوئی ہوئی حیثیت بحال کرنے کا موقع ہے بلکہ عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن بھی حاصل کر سکتا ہے جب اس کا مقابلہ اپنے ملک میں انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ہوگا۔ 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 14 اکتوبر سے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ تاہم بھارت کی حتمی پوزیشن کا انحصار جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے نتیجے پر منحصر ہو گا جو 19 اکتوبر سے سنچورین میں شروع ہو رہی ہے۔

دوسری جانب زمبابوے کےخلاف فتح کے نتیجے میں پاکستان کو ایک پوائنٹ ضرور ملا ہے لیکن اب بھی پانچویں پوزیشن پر موجود بھارت سے اس کا فاصلہ 11 پوائنٹس کا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ وہ ایک روزہ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی تازہ درجہ بندی کل یعنی اتوار کو جاری کرے گا۔

ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی کے لیے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ یہاں ملاحظہ کیجیے۔