عامر نے غلط کام کیا تھا تو پہلے سچ بتا دینا چاہیے تھا: عبد الرزاق کی کرک نامہ سے خصوصی گفتگو

2 1,118

پاکستان کے معروف آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ محمد عامر نے کوئی غلط کام کیا تھا تو پہلے ہی سچ بتا دینا چاہیے تھا۔

چیمپئنز لیگ ٹی 20 میں شرکت کے لیے بھارت روانگی سے قبل کرک نامہ سے خصوصی گفتگو میں عبدالرزاق نے کہا کہ میں پیار، امن اور محبت کا پیغام لے کر بھارت جارہا ہوں، اور امید رکھتا ہوں کہ جلد ہی پاک-بھارت کرکٹ روابط بحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی توقع ہے کہ چیمپئنز لیگ ٹی 20 کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے دروازے کھل جائیں گے۔

میں سمجھتا ہوں کہ ابھی مجھ میں کافی کرکٹ باقی ہے: عبد الرزاق
میں سمجھتا ہوں کہ ابھی مجھ میں کافی کرکٹ باقی ہے: عبد الرزاق

بھارت میں قیام کے دوران اپنی سیکورٹی کے حوالے سے عبد الرزاق نے کہا بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے انہیں مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا گیا ہے اور وہ مکمل توجہ کے ساتھ اپنی کاؤنٹی کو ٹائٹل دلانے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر نے کوئی غلط کام کیا تھا تو پہلے ہی سچ بتا دینا چاہیے تھا تاہم اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ہی زیادہ بہتر بتا سکتا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم میں اپنی واپسی کے حوالے سے عبدالرزاق نے کہا کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ کے بعد چیمپئینز لیگ میں بہترین کارکردگی پیش کر کے قومی ٹیم میں واپس آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھ میں ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئےکوچ کی تعیناتی کے حوالے سے عبد الرزاق نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ایسے کوچ کی ضرورت ہے جو کھلاڑیوں کے مورال کو بلند کرسکے کیونکہ پے در پے شکستوں اور تنازعات کے بعد ٹیم کا مورال کافی نیچے جا چکا ہے۔

عبد الرزاق نے عالمی کپ 2001ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد سے سلیکٹرز کی نظر کرم ان پر نہیں پڑی۔ دورۂ زمبابوے میں بھی اُن کی جگہ سہیل تنویر کو دستے میں شامل کیا گیا۔ عبد الرزاق نے حال ہی میں لیسٹر شائر کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے فرینڈز لائف ٹی 20 ٹورنامنٹ جیتا ہے اور اسی ٹورنامنٹ میں فتح کی بدولت لیسٹر شائر چیمپیئنز لیگ ٹی 20 میں پہنچی ہے جس کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز 19 ستمبر سے حیدرآباد میں ہو رہا ہے۔ لیسٹر شائر اپنا پہلا میچ 20 ستمبر کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے خلاف کھیلے گا۔