پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے 16 رکنی سری لنکن دستے کا اعلان

2 1,000

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے ٹیسٹ مرحلے کے لیے 16 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں تجربہ کار بلے باز تھیلان سماراویرا اور اسپنر اجنتھا مینڈس شامل نہیں ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا اگلے ماہ تین ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اورایک ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے۔ سیریز کا باضابطہ آغاز 18 اکتوبر سے ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ مقابلے سے ہوگا۔

دنیش چندیمال نے حالیہ دورۂ انگلستان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا (تصویر: Getty Images)
دنیش چندیمال نے حالیہ دورۂ انگلستان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا (تصویر: Getty Images)

سری لنکا نے دنیش چندیمال کو ایک مرتبہ پھر دستے میں طلب کر لیا ہے جنہیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں موقع نہیں دیا گیا تھا۔ اعلان کردہ دستے کی ایک حیران کن بات اس میں چار وکٹ کیپر بلے بازوں کی موجودگی جن میں تجربہ کار کمار سنگاکارا کے علاوہ پرسنا جے وردھنے، دنیش چندیمال اور کوشال سلوا شامل ہیں۔

عالمی کپ 2011ء میں شکست کے بعد ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے تلکارتنے دلشان اب تک کوئی سیریز نہیں جیت پائے اور انگلستان سے شکست کھانے کے بعد انہیں ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ اور ٹیسٹ دونوں سیریز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

اب سری لنکا پاکستان کے خلاف بھرپور واپسی کے ذریعےایک مرتبہ پھر فتوحات کی راہ پر گامزن ہونے کی کوشش کرے گا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

تلکارتنے دلشان (کپتان)، اینجلو میتھیوز (نائب کپتان)، پرسنا جے وردھنے، تھارنگا پرناوِتنا، چناکا ویلیگیدرا، دنیش چندیمال، دھمیکا پرساد، رنگانا ہیراتھ، سورج رندیو، سورنگا لکمل، شامنڈا ایرنگا، کمار سنگاکارا، کوشال سلوا، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے اور نووان پردیپ۔

یہ سیریز اصل منصوبے کے تحت پاکستان میں منعقد ہونا تھی لیکن ملک میں امن و امان کی ناقص صورتحال کے سبب اس کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کیا جا رہا ہے۔ ابو ظہبی کے علاوہ دبئی اور شارجہ بھی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔

اس سیریز کے ذریعے شارجہ کا معروف بین الاقوامی اسٹیڈیم، جو تاریخ کے سب سے زيادہ ایک روزہ مقابلوں کی میزبانی کا اعزاز رکھتا ہے، ایک مرتبہ پھر دنیائے کرکٹ میں جلوہ افروز ہوگا جہاں سیریز کا تیسرا ٹیسٹ اور چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ کھیلا جائے گا۔

شارجہ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں آخری مرتبہ 2002ء میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی تھی۔

سیریز کا مکمل شیڈول

تاریخ مقام
18 تا 22 اکتوبر پہلا ٹیسٹ بمقابلہ ابوظہبی
26 تا 30 اکتوبر دوسرا ٹیسٹ بمقابلہ دبئی
3 تا 7 نومبر تیسرا ٹیسٹ بمقابلہ شارجہ
11 نومبر پہلا ایک روزہ بمقابلہ دبئی
14 نومبر دوسرا ایک روزہ بمقابلہ دبئی
18 نومبر تیسرا ایک روزہ بمقابلہ دبئی
20 نومبر چوتھا ایک روزہ بمقابلہ شارجہ
23 نومبر پانچواں ایک روزہ بمقابلہ ابوظہبی
25 نومبر واحد ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ ابوظہبی