جیف مارش سری لنکا کے نئے کوچ مقرر

2 1,037

آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی و کوچ جیف مارش کو سری لنکا کا نیا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ عالمی کپ 2011ء کے بعد عہدہ چھوڑنے والےٹریول بیلس کی جگہ لیں گے۔ اس معاہدے کے ساتھ ہی جیف کا بھارتی پریمیئر لیگ کی ٹیم پونے واریئرز کے ساتھ کوچنگ کا دور ختم ہو گیا۔ سری لنکا کے ساتھ اُن کے دو سالہ معاہدے کا آغاز 27 ستمبر سے ہوگا۔

جیف مارش سری لنکا کے آسٹریلوی کوچز کے طویل سلسلے میں نیا اضافہ ہیں۔
جیف مارش سری لنکا کے آسٹریلوی کوچز کے طویل سلسلے میں نیا اضافہ ہیں۔

کوچ کے عہدے کے لیے سری لنکن عہدیداروں کے ساتھ جیف مارش کے مذاکرات آسٹریلیا کے حالیہ دورۂ سری لنکا کے دوران ہوئے۔

عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں شکست کے بعد کوچ ٹریور بیلس نےعہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سری لنکا نے اسسٹنٹ کوچ اسٹورٹ لاء کو دورۂ انگلستان کے لیے عارضی طور پر ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ تاہم بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کی کوچنگ ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے انہوں نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس پر سری لنکا نے رمیش رتنائیکے کو آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے کوچ بنایا۔

جیف مارش 1987ء کے عالمی کپ کے فاتح دستے کے رکن اور 1999ء میں عالمی کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے کوچ تھے۔وہ بطور کھلاڑی اور کوچ عالمی کپ جیتنے والی کرکٹ تاریخ کی واحد شخصیت ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 50 ٹیسٹ اور 119 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 2000ء سے 2004ء تک زمبابوے کی کوچنگ بھی کی۔

سری لنکا طویل عرصے سے آسٹریلیا کے کوچز پر اظہار اعتماد کرتا آ رہا ہے اور ڈیو واٹمور، جان ڈائی سن، ٹام موڈی، ٹریور بیلس اور اسٹورٹ لاء کے بعد اس فہرست میں ایک اور آسٹریلوی کوچ کا اضافہ ہو چکا ہے۔