دو چار ہاتھ جبکہ لب بام رہ گیا، کراچی زیبراز لاہور ایگلز کو زیر کرنے میں ناکام

1 1,009

فیصل بینک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء کے پہلے روز روایتی حریفوں کراچی زیبراز اور لاہور ایگلز کے درمیان میچ انتہائی اعصاب شکن مقابلہ ہوا جس میں ایگلز نے حتمی دو اوورز میں اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے بالآخر 2 رنز سے کامیابی سمیٹ لی اور کراچی زیبراز مضبوط پوزیشن ہونے کے باوجود فتح سے محروم رہے۔

میچ کا فیصلہ کن لمحہ، عماد علی کے ہاتھوں حسن رضا کا رن آؤٹ، جس نے بازی لاہور ایگلز کے حق میں پلٹ دی (تصویر: Faysal Cricket)
میچ کا فیصلہ کن لمحہ، عماد علی کے ہاتھوں حسن رضا کا رن آؤٹ، جس نے بازی لاہور ایگلز کے حق میں پلٹ دی (تصویر: Faysal Cricket)

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے پہلے روز کا آخری میچ، جو برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا گیا، انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا تاہم کراچی زیبراز بہت مضبوط پوزیشن سے میچ کو اپنے ہاتھوں سے گنوا بیٹھے۔ 18 ویں اوور کی آخری گیند پر حسن رضا کا رن آؤٹ اور اگلے اوور کے آغاز ہی میں فیصل اقبال کی اہم وکٹ گر جانا اس کی شکست کے لیے کافی ثابت ہوا۔ حسن رضا نے 54 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے جبکہ فیصل اقبال 37 گیندوں پر 47 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

آخری دو اوورز میں آل راؤنڈر انور علی نے میچ بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن آخری اوور کی چوتھی گیند پر بائے کا ایک ناممکن رن لینے کی کوشش اور عدنان اکمل کی پھرتی انہیں مہنگی پڑ گئی اور یوں ایک اور رن آؤٹ کے ساتھ کراچی کی امیدیں خاک میں مل گئیں۔ آخری دو گیندوں پر وہ صرف ایک رن بنا سکا۔ انور علی نے 6 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کے ذریعے میچ بچانے کی آخری کوشش کی۔ مقررہ 20 اوورز مکمل ہونے پر کراچی محض 141 رنز ہی بنا پایا۔

لاہور ایگلز کی جانب سے سعد نسیم نے 2 جبکہ جنید ضیاء، مصطفیٰ اقبال اور عماد علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں لاہور ایگلز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ابتدائی تیز بلے بازی کے بعد اس کی اننگز کچھ لڑکھڑا گئی۔ عمران فرحت کے 27 رنز پر رن آؤٹ ہونے اور اظہر علی کے صفر پر پویلین لوٹنے کے بعد توفیق عمر اور علی عظمت ہی قابل ذکر اننگز کھیل پائے جبکہ حتمی اوورز میں جنید ضیاء کی برق رفتاری لاہور کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ علی عظمت 36 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ توفیق عمر نے 34 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کی اننگز سست رفتار رہی اور اس کسر کو آخری اوورز میں جنید ضیاء نے پورا کیا جنہوں نے محض 12 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ مقررہ 20 اوورز مکمل ہونے پر لاہور ایگلز اسکور بورڈ پر 143 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ کا مجموعہ جما چکا تھا۔

کراچی زیبراز کی جانب سے دانش کنیریا نے 2 جبکہ عاطف مقبول اور اعظم حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

حسن رضا کو میچ کی سب سے طویل اننگز کھیلنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور ایگلز اپنا اگلا مقابلہ کل (سوموار کو) کوئٹہ بیئرز کے خلاف کھیلیں گے جبکہ کراچی زیبراز کا ٹکراؤ ایبٹ آباد فالکنز سے اسی روز ہوگا۔

اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں