دورہ بھارت کے لیے انگلستانی دستے کا اعلان؛ کیون پیٹرسن کی واپسی

1 1,075

انگلستان نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے دورہ بھارت کے لیے 15 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے. اس دورے میں دونوں ٹیموں کے مابین پانچ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے علاوہ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلا جائے گے. چار ہفتوں پر مشتمل انگلستانی ٹیم کے اس دورے میں کوئی ٹیسٹ میچ شامل نہیں.

کیون پیٹرسن
ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں آؤٹ آف فارم کیون پیٹرسن کو انگلستانی دستے میں شامل کرلیا گیا ہے

انگلستانی دستے میں مڈل آرڈر بلے باز کیون پیٹرسن سمیت اسکاٹ بورتھوک اور آل راؤنڈر کرس ووکس کو بھی طلب کرلیا گیا ہے. تیز گیند باز جیمز اینڈرسن کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے. 15 رکنی دستے میں تیز گیند باز اسٹورٹ میکر کی بھی آمد ہوئی ہے جو سرے کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے ہیں. جنوبی افریقی نژاد اسٹورٹ میکر نے گزشتہ موسم گرما میں سری لنکا اے کے خلاف انگلستان لائینز کی جانب سے اپنا ڈیبیو کیا.

ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورہ انگلستان میں بہترین کارکردگی دکھانے والے لیگ بریک بالر اسکاٹ بورتھوک کو بھی بھارت کے دورہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے. واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے لیے دو کھلاڑیوں جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز بھی دستے میں شامل ہیں جو ممکنہ طور پر انگلستانی کپتان ایلسٹر کک اور جوناتھن ٹراٹ کی جگہ کھیلیں گے.

بھارت کے حالیہ دورے میں انگلستانی ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹیسٹ مقابلوں میں اولین مقام بھی مہمان ٹیم سے چھین لیا. لیکن اس کے باوجود گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں انگلستانی ٹیم کی شکست نے انگلش ٹیم کے مستقبل کے بارے میں بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے. دنیا کی مضبوط اور متوازن ترین کھلائی جانے والی ٹیم ویسٹ انڈیز کے سامنے محض 114 رنز کا تعاقب نہ کرسکی جس سے انگلستان کے بلے بازی کی کمزوریاں ظاہر ہوتی ہیں. اس صورتحال میں کیون پیٹرسن کی دستے میں شمولیت انگلستان کی بیٹنگ لائن میں ایک اچھا اضافہ ہوسکتا ہے تاہم پیٹرسن کی گزشتہ مقابلوں میں کارکردگی کو زیادہ اطمینان بخش نہیں کہا جاسکتا۔

اپنے گھر میں شیر کہلانے والی بھارتی ٹیم بھی انگلستان کا استقبال کرنے اور اپنی ہزیمت آمیز شکستوں کا بدلہ لینے کے لیے بے تاب نظر آتی ہے. یہی وجہ ہے کہ ماہرین کے خیال میں انگلستانی دستے میں نئے اور ناتجربکار کھلاڑیوں کی شمولیت زیادہ حوصلہ افزاء خبر نہیں. اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کی غیر موجودگی میں گیند بازی کی ذمہ داری 22 سالہ اسٹیون فن اور 26 سالہ ٹم بریسنن پر ہوگی. انگلستانی ٹیم بھرپور حوصلوں اور پر عزم ارادوں کے ساتھ 4 اکتوبر کو بھارت کے شہر حیدرآباد پہنچے گی.

انگلستانی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
اسکاٹ بورتھوک، اسٹورٹ میکر، اسٹیون فن، ایلسٹر کک (کپتان)، این بیل، جوناتھن بیئرسٹو، جوناتھن ٹراٹ، جیڈ ڈیرنباخ، روی بوپارہ، سمت پٹیل، کرس ووکس، کریگ کزویٹر، کیون پیٹرسن، گریم سوان اور ٹم بریسنن. جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز کو صرف ٹی ٹوئنٹی دستے میں شامل کیا گیا ہے۔

دورے کا مکمل شیڈول درج ذیل ہے:

تاریخ بمقام
8 اکتوبر 2011ء وارم اپ میچ (50 اوورز) بمقابلہ  حیدرآباد
11 اکتوبر 2011ء وارم اپ میچ (50 اوورز) بمقابلہ  حیدرآباد
14 اکتوبر 2011ء پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ بمقابلہ  حیدرآباد
17 اکتوبر 2011ء  دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ بمقابلہ  دہلی
20 اکتوبر 2011ء  تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ بمقابلہ  موہالی
23 اکتوبر 2011ء  چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ بمقابلہ  ممبئی
25 اکتوبر 2011ء  پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ بمقابلہ  کولکتہ
29 اکتوبر 2011ء واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلہ بمقابلہ  کولکتہ