پاکستان کے نئے کوچ کے لیے 5 امیدواروں کی مختصر فہرست تیار

1 1,051

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کی تلاش کے لیے مقررہ کمیٹی نے 5 حتمی امیدواروں کی مختصر فہرست تیار کرلی ہے جو چند روز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کے روبرو پیش کی جائے گی۔

کوچ تلاش کمیٹی کا اہم اجلاس آج (جمعرات کو) کراچی میں منعقد ہوا جس میں کوچ کے عہدے کے لیے موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر غور و خوض کرنے کے بعد مختصر فہرست تیار کی گئی ہے۔ اجلاس میں کمیٹی کے سربراہ سابق کوچ و مینیجر انتخاب عالم اور اراکین ظہیر عباس و کرنل (ر) نوشاد علی نے شرکت کی جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان کرکٹ بورڈ سبحان احمد ناسازئ طبیعت کی وجہ سے شریک نہیں ہو پائے۔

انتخاب عالم نے کسی بھی امیدوار کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا
انتخاب عالم نے کسی بھی امیدوار کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا

انتخاب عالم نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو درخواستیں جمع کرانےکی آخری تاریخ یعنی 26 ستمبر تک کل 37 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 25 پاکستانی اور 12 غیر ملکی کوچز شامل ہیں۔ جس پر غور و خوض کے بعد کمیٹی نے 5 حتمی امیدواروں کی فہرست مرتب کی ہے جو 2 اکتوبر کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کی جائے گی ۔ انتخاب عالم نے کہا کہ حتمی فہرست کے اجراء کے لیے کمیٹی کے معاون رمیز راجہ سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔

اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انتخاب عالم نے بتایا کہ 5 حتمی امیدواروں میں ملکی و غیر ملکی دونوں امیدوار شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبوری کوچ کے لیے حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا، کمیٹی کا کام محض سفارشات مرتب کرنا تھا۔ پاکستان اگلے ماہ سری لنکا کے خلاف اہم سیریز کی میزبانی کرے گا اور حالیہ دورۂ زمبابوے کے بعد وقار یونس بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں، اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس فیصلے کے لیے بہت کم وقت رہ گیا ہے۔

انتخاب عالم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کے باوجود حتمی امیدواروں کی فہرست میں شامل کسی بھی فرد کا نام بتانے سے گریز کیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے جو نومبر کے اواخر تک جاری رہے گی۔ اس کے بعد پاکستان اہم ترین سیریز میں ٹیسٹ عالمی نمبر ایک انگلستان کے خلاف تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے گا۔