شعیب اختر کے دعووں پر سب ہنس رہے ہیں: شعیب ملک

1 1,029

پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک نے ایک مرتبہ پھر شعیب اختر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تیز گیند باز کی جانب سے اپنی خود نوشت "Controversially Yours" میں کیے گئے دعووں پر سب اُن پر ہنس رہے ہیں۔

شعیب ملک سری لنکا کے خلاف سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کے خواہاں ہیں
شعیب ملک سری لنکا کے خلاف سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کے خواہاں ہیں

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ شعیب اختر نے وقار یونس اور وسیم اکرم جیسے عظیم کھلاڑیوں پر الزامات لگائے ہیں، اس لیے میں اس پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ شعیب اختر جھوٹا ہے، گیند کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرتا، ہو سکتا ہے اس نے یہ حرکتیں کی ہوں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ کوئی اور پاکستانی باؤلر اس کی طرح گیند سے چھیڑ خانی کرتا ہے۔

شعیب ملک نے کہا کہ انہوں نے دورۂ زمبابوے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی کیونکہ وہ ڈیڑھ سال بعد ٹیم میں واپس آئے تھے، اتنے عرصے بعد واپسی پر تو تاریخ کے عظیم کھلاڑی بھی کارکردگی نہیں دکھا پاتے، شاید اسی لیے میں بھی نہ پیشکر سکا لیکن اب میں بھرپور فارم میں ہوں اور اگر سلیکٹرز مجھے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے موقع دیں تو میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں کا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میرا ریکارڈ بہت اچھا ہے، اور ساتھ میں تجربہ بھی پاکستان کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا ایک بہت مشکل حریف ہے، ان کی ٹیم بہت متوازن ہے جو ہمارے لیے شدید مشکلات کھڑی کرے گی۔

اپنے بارے میں انہوں نے کہا کہ اب ٹیسٹ کرکٹ میرا پہلا ہدف ہے، یہی حقیقی کرکٹ ہے۔ اگر آپ طویل طرز کی کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو آپ کو ایک روزہ میں خود بخود موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں گیند اور بلے دونوں کے ساتھ مستقل کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں اور بین الاقوامی کرکٹ میں 150 وکٹیں حاصل کر چکا ہوں۔

شعیب ملک کی زیر قیادت سیالکوٹ اسٹالینز نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ ہفتہ کو کھیلے گئے سیمی فائنل شعیب ملک کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہی سیالکوٹ کی ٹیم 6 وکٹوں سے فتح یاب ہوئی۔