بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہوں: رانا نوید

1 1,074

تیز گیند باز رانا نوید الحسن نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی نمائندگی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور مقامی اور غیر ملکی سطح پر لیگ کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔

رانا نوید الحسن نے آخری مرتبہ 2010ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی
رانا نوید الحسن نے آخری مرتبہ 2010ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے 33 سالہ رانا نوید الحسن نے کہا کہ وہ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی کرکٹ کھیل رہے ہیں، چاہے وہ جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ہو یا آسٹریلیا و انگلستان میں لیگ کرکٹ، اب یہ سلیکٹرز کی صوابدید پر ہے کہ وہ مجھے موقع دیتے ہیں یا نہیں دیتے لیکن میں اپنی کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھا رہا ہوں۔

9 ٹیسٹ، 74 ایک روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے رانا نوید کا کہنا ہے کہ وہ ایک مکمل آل راؤنڈر ہیں جو ٹیم کی ضرورت کے مطابق گیند اور بلے دونوں سے بھرپور کارکردگی دکھانے کے اہل ہیں۔

انضباطی ریکارڈ کے باعث 2010ء میں پابندی کا شکار بننے کے بعد سے رانا نوید بین الاقوامی کرکٹ سے محروم ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔