اعجاز بٹ کی چھٹی کی خبروں پر شاہد آفریدی سرگرم، جلد ریٹائرمنٹ واپسی متوقع

2 1,000

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو عہدے سے ہٹائے جانے کی خبریں منظرعام پر آتے ہی سابق کپتان شاہد خان آفریدی سرگرم ہو گئے ہیں اور قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پر تول رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں شاہد آفریدی آج شب پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن اِن چیف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر رہے ہیں، جس میں اعجاز بٹ کے جانے کے بعد کرکٹ کے قومی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات کے بعد شاہد آفریدی کل تک بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔

شاہد آفریدی کی نظریں ٹیم میں واپسی پر مرکوز ہیں۔ آج صدر مملکت سے ملاقات اور کل ریٹائرمنٹ کی واپسی متوقع ہے (تصویر: REUTERS/Stefan Wermuth)
شاہد آفریدی کی نظریں ٹیم میں واپسی پر مرکوز ہیں۔ آج صدر مملکت سے ملاقات اور کل ریٹائرمنٹ کی واپسی متوقع ہے (تصویر: REUTERS/Stefan Wermuth)

شاہد آفریدی نے عالمی کپ 2011ء کے بعد دورۂ ویسٹ انڈیز میں اُس وقت کے کوچ وقار یونس سے ٹیم سلیکشن پر اختلافات کے باعث ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ پھر بورڈ اور آفریدی کے درمیان تنازع اس سطح تک پہنچ گیا کہ پی سی بی نے ان کا مرکزی معاہدہ اور کرکٹ کھیلنے کا اجازت نامہ دونوں منسوخ کر دیے جو بعد ازاں سیاسی شخصیات کی مداخلت اور صلح صفائی کے بعد 45 لاکھ کے جرمانے کے عوض بحال کیے گئے۔ تاہم اعجاز بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شاہد آفریدی اب کم از کم اُن کے ہوتے ہوئے دوبارہ پاکستان کے کپتان نہیں بن سکتے۔

اب موجودہ صورتحال میں جہاں وقار یونس کوچ کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں اور اب اعجاز بٹ کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں، شاہد آفریدی ایک مرتبہ پھر اپنے سامنے موجود امکانات پر غور کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شاہد چند روز قبل بھی کرکٹ میں واپسی کے ارادوں کو ظاہر کر چکے ہیں اور شاید وہ بھی اعجاز بٹ کے مستقبل کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ابھی صرف ٹیسٹ مرحلے کے لیے ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے اور ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے ٹیم کا اعلان کیا جانا ابھی باقی ہے۔ امید ہے کہ شاہد آفریدی سری لنکا کے خلاف ایک روزہ مرحلے کے لیے دستیاب ہوں گے اور امکانات یہی ہیں کہ ریٹائرمنٹ لینے کے بعد انہیں قومی ٹیم میں منتخب کر لیا جائے گا۔