عمر گل کے الزامات بے بنیاد ہیں، ایلسٹر کک کی جانب سے ساتھی گیند بازوں کا دفاع

1 1,010

انگلستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے پاکستان کے تیز گیند باز عمر گل کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیاتھا کہ دونوں باؤلرز گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ میں ملوث رہے ہیں۔

دورۂ بھارت کے لیے روانگی سے قبل لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انگلش قائد نے کہا کہ عمر گل کے دعوے میں کوئی سچائی نہیں ہے، ہمارے باؤلرز نے گیند کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی۔ اگر انہوں نے ایسی کوئی کارروائی ہوتے ہوئے دیکھی بھی تھی تو انہیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔

عمر گل کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے رجوع کرنا چاہیے، کک کا مشورہ
عمر گل کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے رجوع کرنا چاہیے، کک کا مشورہ

27 سالہ عمر گل نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان کے دورۂ انگلستان کے دوران جمی اینڈرسن نے ان کے سامنے گیند سے چھیڑ خانی کی جبکہ پھر دورۂ آسٹریلیا میں ایشز سیریز کے دوران بھی اسٹورٹ براڈ گیند کو کھرچتے ہوئے دیکھے گئے۔

ایلسٹر کک کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس کی سرزمین پر شکست دینا ایک مشکل امر ضرور ہے تاہم یہ ناممکن نہیں۔ حال ہی میں 3-0 سے بھارت کو زیر کرنے والا انگلستان 5 ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کا سامنا کرنے جا رہا ہے۔ سیریز کے بارے میں کک کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ہم بھارت کو ہرا سکتے ہیں تاہم اس کے لیے ٹیم کے ہر رکن کو اپنی جان لڑا دینا ہوگی۔