سری لنکا و بنگلہ دیش کے خلاف سیریز؛ محسن خان کوچ؛ نوید اکرم مینیجر مقرر

2 1,037

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز اور رواں سال کے آخر میں پاکستان کے دورہ بنگلہ دیش کے لیے ٹیم انتظامیہ کا اعلان کردیا ہے. پی سی بی اعلامیہ کے مطابق محسن خان آئندہ سیریز میں بطور (عبوری) کوچ فرائض انجام دیں گے جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کو معاون کوچ اور نوید اکرم چیمہ کو مینیجر مقرر کیا گیا ہے. دیگر انتظامی ارکان میں کرنل (ر) نوشاد علی (معاون مینیجر)، کرنل وسیم احمد (سیکورٹی مینیجر)، صبور احمد (ٹرینر)، فیصل حیات (فزیو)، طلحہ بٹ (تجزیہ کار) شامل ہیں.

محسن حسن خان
سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان سیری لنکا اور بنگلہ دیش میں بطور کوچ ذمہ داریاں انجام دیں گے

ایک ایسے وقت میں کہ جب قومی ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی ہوجانے والے وقار یونس کے جانشین کی تلاش جاری ہے، محسن خان کو عبوری کوچ مقرر کیا جانا اس بات کا مظہر ہے کہ پی سی بی مستقل کوچ کے انتخاب میں کسی قسم کی جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہتا.

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کی تلاش کے لیے انتخاب عالم کی سربراہی میں ظہیر عباس، کرنل نوشاد اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ پر مشتمل کمیٹی نے چند روز قبل 5 حتمی امیدواروں کی مختصر فہرست تیار کی تھی. اس فہرست کو چند روز بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کے روبرو پیش کیا جانا ہے. ذرائع کے مطابق حتمی امیدواروں کی اس فہرست میں عاقب جاوید، عبد القادر اور اعجاز احمد جیسے مضبوط ملکی امیدواروں کے علاوہ آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈین جونز بھی شامل ہیں.

48 ٹیسٹ اور 75 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محسن حسن خان نے گزشتہ ماہ کرک نامہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کوچنگ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی. ان کا کہنا تھا کہ ابتداء میں جب انہیں پی سی بی کی جانب سے چیف سلیکٹر کے عہدے کی پیشکش گئی تھی تو وہ اُس وقت بھی کوچنگ کے لیے کسی حد تک آمادہ تھے تاہم بعد میں سلیکشن کے شعبے کو سنبھالا۔ اس سے قبل محسن حسن خان نے ایک اور انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اوپنر اور ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی کوچنگ میں اب بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور اگر اُنہیں پیشکش کی گئی تو وہ بیٹنگ کوچ کا عہدہ بخوشی قبول کریں گے.

بعض تجزیہ کاروں کی جانب سے خیال کیا جارہا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاون کوچز عاقب جاوید یا اعجاز احمد میں سے کسی ایک کو عبوری کوچ مقرر کیا جاسکتا تھا تاہم اس عہدے کے لیے پی سی بی انتظامیہ کو موجودہ چیف سیلیکٹر محسن خان زیادہ موزوں نظر آئے. سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کو کوچ 'منتخب' کیا جانا پاکستان کرکٹ کے حلقوں میں بہت سے شکوک و شبہات اور سوالات کو جنم دے گا.

گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2011ء کے فائنل مقابلے میں محسن خان سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ساتھ میچ کی صورتحال پر بڑی دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے نظر آئے جس سے شعیب ملک اور محسن خان کے درمیان خوشگوار تعلقات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے. ایسے میں ٹیسٹ مقابلوں میں ناقص کارکردگی کے باوجود شعیب ملک کی سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کردہ پاکستانی دستے میں شمولیت اور پھر محسن خان کو کوچ مقرر کیے جانے میں کسی بیک ڈور تعلق کو نظر انداز کیا جانا ممکن نہیں.

پاکستان متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں پر مشتمل سیریز کی میزبانی کرے گا. سیریز کا آغاز رواں ماہ کی 18 تاریخ سے ہوگا جو نومبر کے اواخر تک جاری رہے گی. بعد ازاں پاکستانی ٹیم رواں سال کے اختتام پر بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی.