کراچی کے کھلاڑیوں کے احتجاج کا معاملہ حل ہو گیا

1 1,003

کراچی کے چھ کھلاڑیوں کی جانب سے احتجاجاً قائد اعظم ٹرافی میں شرکت سے انکار کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے اور تمام کھلاڑیوں نے کل کے تربیتی سیشن میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع سے معلوم ہے کہ چھ کھلاڑی حالیہ فیصل بینک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء میں بھرپور مواقع نہ دیے جانے پر کپتان شاہد آفریدی اور کوچ سلیم جعفر سے نالاں تھے۔

اس سلسلے میں کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سراج الاسلام بخاری نے پاکستان کے خبری چینل 'وقت نیوز' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو چند معاملوں پر تحفظات تھے، لیکن اب جبکہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ختم ہو چکا ہے اور شاہد آفریدی قائد اعظم ٹرافی میں کراچی کی کسی ٹیم میں شامل بھی نہیں تو اِن کھلاڑیوں کو کھیلنے میں کیا مسئلہ درپیش ہو سکتا ہے۔ اسی لیے میں نے آج ہی پورٹ قاسم کے کوچ راشد لطیف سے ملاقات کی ہے، کیونکہ یہ کھلاڑی ڈپارٹمنٹل کرکٹ میں پورٹ قاسم کی نمائندگی کرتے ہیں، اور ہم نے اس معاملے کو مل بیٹھ کر خوش اسلوبی سے حل کر لیا ہے۔

معاملے کے حل ہو جانے سے شاہد آفریدی اِک نئے تنازع میں پڑنے سے بچ گئے۔

احتجاج کرنے والے کھلاڑیوں میں محمد سمیع، تنویر احمد، شاہ زیب حسن، خالد لطیف، وجیہ الدین اور اعظم حسین شامل تھے جن میں سے اکثر نے گزشتہ سیزن کراچی وائٹس کی جانب سے کھیلا ہے۔

قائد اعظم ٹرافی گریڈ II کا آغاز 6 اکتوبر سے ہورہا ہے جس میں پہلے روز کراچی کی دونوں ٹیمیں بلیوز اور وائٹس بالترتیب اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے مدمقابل ہوں گی۔