بریٹ لی دورۂ جنوبی افریقہ سے باہر

1 1,032

آسٹریلیا کے برق رفتار گيند باز بریٹ لی آنتوں کی سوزش کی وجہ سے دورۂ جنوبی افریقہ سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ پیر کی شب جنوبی افریقہ کے کیپ ٹاؤن میں جراحی کے عمل سے گزریں گے اور ممکنہ طور پر چھ سے آٹھ ہفتوں کے لیے کرکٹ کے میدانوں میں نہيں اتر سکیں گے۔ آسٹریلیا کو بریٹ لی کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو بلانا ہوگا کیونکہ وہ دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی دستے کا حصہ تھے۔

بریٹ لی چند روز قبل چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے تھے (تصویر: AP)
بریٹ لی چند روز قبل چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے تھے (تصویر: AP)

آسٹریلیا کے ٹیم فزیوتھراپسٹ ایلکس کونتورس نے کہا کہ بریٹ لی اتوار کو کیپ ٹاؤن آمد کے بعد سے اپنے پیٹ میں تکلیف کی شکایت کر رہے تھے، اور ماہر معالج سے رابطے اور تشخیص کے بعد ڈاکٹر نے ان آنتوں کی سوزش (appendicitis) کی تصدیق کی جس کی فوری جراحی تجویز کی گئی۔ اب وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ ٹیم کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔

بریٹ لی ان کھلاڑیوں کی فہرست میں تازہ اضافہ ہیں جو بھارت کی پریمیئر لیگ اور ٹی ٹوئنٹی سیزن کھیل کر ان فٹ ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کل ہی مکمل ہونے والی چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی ہے اور بھرپور کھیل پیش کیا ہے لیکن ملک کی نمائندگی کرنے سے قبل ہی زخمی ہو بیٹھے۔

اک نسبتاً نوجوان پیس اٹیک کے ساتھ جنوبی افریقہ پہنچنے والا آسٹریلین دستہ اب بریٹ لی کے متبادل کے طور پر کسی تجربہ کار کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کر سکتا ہے کیونکہ لی اور ڈوگ بولنجر ہی دو تجربہ کار گیند باز تھے جبکہ مچل جانسن کو بھی صرف ایک روزہ دستے کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم ممکن ہے کہ انہیں جلد طلب کر لیا جائے جبکہ یہ امکان بھی ہے کہ پیٹر سڈل کو ٹیم میں بلا لیا جائے جو اپنے کیریئر میں صرف دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے ہیں۔ دیگر آپشنز میں ٹرینٹ کوپ لینڈ یا مچل اسٹارک بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان محدود اوورز کی سیریز کا آغاز 13 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے سے ہو رہا ہے۔