بھارت یا پاکستان عالمی چیمپیئن بنیں گے، مائیکل وان کی پیش گوئی

6 1,032
انگلستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق قائد مائیکل وان

انگلستان کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ ان کی نظر میں عالمی کپ برصغیر کی کوئی ٹیم جیتے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت عالمی چیمپیئن بننے کے لیے ہاٹ فیورٹ ہے جبکہ پاکستان کے بھی امکانات روشن ہیں۔

وان کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ عالمی کپ برصغیر کی کوئی ٹیم لے اڑے گی۔ بنگلہ دیش کے امکانات تو بہت کم ہیں جبکہ سری لنکا کے موجودہ کھلاڑی بھی بھرپور فارم میں نہیں ہیں۔ بھارت کے امکانات سب سے زیادہ ہیں جبکہ پاکستان پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے حوالے سے وان نے کہا کہ اپنے تین اہم کھلاڑیوں سے محروم ہو جانے کے باوجود پاکستان کے پاس وہ صلاحیت موجود ہے جو اسے فتح سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان مصباح الحق کی قیادت میں مزید آگے بڑھے گا۔ اس طرح انہوں نے شاہد آفریدی کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم میں یونس خان اور شعیب اختر کی طویل عرصے بعد واپسی کو بھی اہم قرار دیا۔

دنیائے کرکٹ کی کئی ممتاز شخصیات بھارت کو عالمی کپ کے لیے سب سے زیادہ فیورٹ قرار دے چکی ہیں جن میں ماضی کے عظیم کھلاڑیوں عمران خان، سنیل گواسکر، ڈنکن فلیچر، جیفری بائیکاٹ اور سنیل گواسکر سے لے کر دور جدید کے لیجنڈ کھلاڑی برائن لارا، لانس کلوزنر اور مائیکل بیون تک شامل ہیں۔ بھارتی ٹیم کے حوصلے تو بہت بلند ہیں ہی جہاں ٹیم کا تقریباً ہر کھلاڑی ٹیم کی مدح سرائی میں مگن ہے چاہے وہ وی وی ایس لکشمن ہوں یا گوتم گمبھیر، ہربھجن سنگھ ہوں یا کوئی اور۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ بھارت کس طرح ماہرین اور شائقین کی توقعات پر پورا اترتا ہے۔ اور ساتھ ساتھ ناقابل پیش گوئی پاکستان کس طرح کے کھیل کا مظاہرہ کرتا ہے۔