سری لنکا، ویسٹ انڈیز: پہلا میچ بارش کی نذر

1 1,047

سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ایک روزہ مقابلوں کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ گزشتہ ماہ سری لنکا میں بارشوں کے باعث 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز ملتوی کردی گئی تھی جس کے بعد اسے 3 مقابلوں تک محدود کر کے جنوری کے اواخر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں بارش سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی اننگ کا آغاز زیادہ حوصلہ افزا نہ رہا اور سری لنکن فاسٹ بالرز نے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا۔ صرف 6 کے مجموعی اسکور پر مہمان ٹیم کو پہلا نقصان مستند اوپننگ بیٹسمین کرس گیل (4) کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں نووان کولاسکرا نے سنگاکارا کے ہاتھوں کاٹ بی ہائنڈ کرادیا۔ 12 ویں اوور میں ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان اس وقت ہوا جب کریز پر موجود بیٹسمین ڈیرن براوو (8) ایک رن لینے کی کوشش میں چمارا کاپوگدرا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین ایڈریان باراتھ کا اپنی سنچری کے دوران ایک دلکش اسٹروک (© اے پی)

42 رنز پر 2 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد رام نریش سروان بلے بازی کرنے آئے اور دوسرے اینڈ پر موجود نوجوان اوپنر کھلاڑی ایڈرین باراتھ کے ہمراہ ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا۔دونوں کھلاڑیوں نے 184 گیندوں پر 165رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران باراتھ نے 23 ویں اوور میں اپنی نصف سنچری اور 40 ویں اوور میں ایک روزہ مقابلوں میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔سروان نے بھی 67 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس جوڑی کا خاتمہ مالنگا کے ہاتھوں ہوا جب 207 کے مجموعی اسکور پر سروان (75) پویلین لوٹ گئے۔ صرف دو ہی گیندوں بعد مالنگا نے باراتھ کو بھی کاپوگدرا کی مدد سے چلتا کیا۔ باراتھ نے 129 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اور ذمہ دارانہ اننگ اسکور بورڈ پر سجائی۔ یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے سے ویسٹ انڈیز ایک بار پھر دیوار سے جالگا ۔ مالنگا نے اپنے اگلے ہی اوور میں مہمان ملک کو ایک اور نقصان سے دوچار کرتے ہوئے کیرون پولارڈ (4) کو کلین بولڈ کردیا۔ باقی ماندہ اوورز میں ویسٹ انڈیز بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ پاور پلے کا بخوبی ۔ صرف ڈیرن سوامی (21) نے کاپوگدرا کی چند خراب گیندوں کو باؤنڈری کی راہ دکھائی یوں ویسٹ انڈیز مقررہ 50 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 245 رنز کا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوا۔ سروان کے علاوہ ناٹ آؤٹ رہنے والے دوسرے بلے باز چندرپال (13)رہے۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے کامیاب گیند باز لاستھ مالنگا رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 51 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

سری لنکن بلے بازوں کے ہدف کے تعاقب میں آنے سے قبل ہی بارش نے میدان کو آلیا ۔ کافی دیر گزر جانے کے باوجود بارش رکنے کے آثار نہ دیکھتے ہوئے امپائر اشوکا ڈسلوا اور بروس آکسنفورڈ نے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

موسم کی موجودہ صورتحال نے دونوں ٹیموں خصوصاً سری لنکن منتظمین کو ضرور پریشان کیا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین گزشتہ ماہ طے ہونے والی سیریز ملتوی ہونے سے سری لنکن بورڈ کو کئی لاکھ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا اور اب ویسٹ انڈیز کے ساتھ موسم برسات کی آمد انہیں ضروری بے کل کررہی ہوگی۔ خصوصا جنوری و فروری کے ایام میں جب سری لنکا میں بالکل بارشیں نہیں ہوتیں، اس طرح کی موسلا دھار بارش ہونا منتظمین کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

سیریز کا دوسرا میچ آئندہ جمعرات 3 فروری کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔