ذکا اشرف کی تقرری کا باضابطہ اعلان؛ عہدہ "تا حکمِ ثانی" سنبھالیں گے

4 1,000

معروف بینکار اور کاروباری شخصیت ذکا اشرف کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا تاہم انہیں یہ عہدہ "تا حکمِ ثانی" سنبھالنے کا حکم دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ کے عہدے کی میعاد مکمل ہونے سے قبل ہی مختلف حلقوں میں نئے چیئرمین کے لیے چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں جن میں سب سے آخر میں ذکا اشرف کا نام آیا اور 11 اکتوبر کو اُن کی تقرری کی خبریں ذرائع ابلاغ کی زینت بنیں لیکن ایوانِ صدر یا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

ذکا اشرف کی طویل المیعاد چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر رہنے کی راہ روکی گئی ہے
ذکا اشرف کی طویل المیعاد چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر رہنے کی راہ روکی گئی ہے

جمعرات کی شب ایوانِ صدر نے ذکا اشرف کی تقرری کی تصدیق کی اور یوں اعجاز بٹ کے 3 سالہ دور کا باقاعدہ خاتمہ ہوگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے تحت چیئرمین کا تقرر 3 سال کے لیے ہوتا ہے لیکن ذکا اشرف کو 'تاحکم ثانی' مقرر کر کے ان کی طویل المیعاد تقرری کی راہ روکی گئی ہے۔

ذکا اشرف صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست ہیں اور ان کے کالج کے زمانے کے ساتھیوں میں شامل ہیں۔ وہ حکمران پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔اِن کے علاوہ ذکا اشرف زرعی ترقیاتی بینک کے صدر اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن، پنجاب زون کے شریک چیئرمین بھی ہیں۔

اپنی تقرری کی اطلاعات کے بعد ذکا اشرف نے ذرائع ابلاغ سے بھی گفتگو کی جس میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے امیج کو دنیا بھر میں بہتر بنانے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر مملکت کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے دن رات محنت کریں گے۔

ذکا اشرف نے پاک بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لیے کوشش کرنے کا بھی اعلان کیا کیونکہ سرحد کے دونوں جانب کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔