آئی پی ایل اخراج، احتجاج کے بجائے 'بیک ڈور پالیسی' اپنائی جائے: توقیر ضیا

1 1,182

پاکستان کرکٹ بورڈ سابق چیئرمین جنرل (ر) توقیر ضیا کا کہنا ہے کہ بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مسلسل عدم شرکت کا معاملہ 'بیک ڈور پالیسی' سے نمٹایا جا سکتا ہے۔

جمعہ کو آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں اگلے سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کا معاملہ گفتگو کے قابل بھی نہیں سمجھا گیا، اور یوں پاکستانی کھلاڑی مسلسل چوتھے سیزن میں دنیا کی بہترین لیگ میں شرکت سے محروم رہیں گے۔

سب سے پہلے پاک بھارت کرکٹ تعلقات بحال کیے جائیں؛ توقیر ضیا
سب سے پہلے پاک بھارت کرکٹ تعلقات بحال کیے جائیں؛ توقیر ضیا

اس حوالہ سے کرک نامہ سے خصوصی گفتگو میں توقیر ضیا نے کہا کہ کیونکہ آئی پی ایل بھارتی کرکٹ بورڈ کا منصوبہ ہے اس لیے سب سے پہلی ضرورت پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی ہے۔ میرے خیال میں اس پر احتجاج کا حق نہیں بنتا لیکن تعلقات کی بہتری سے پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل اور چیمپئنز لیگ میں شرکت کر سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ذکا اشرف کے حوالے سے توقیر ضیاء کا کہنا تھا کہ وہ اُن کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے تاہم انہیں یہ مشورہ ضرور دیں گے کہ وہ مذکورہ معاملے کو نمٹانے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی پالیسی مرتب کریں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا کہا تھا کہ آئی پی ایل میں پاکستان پر کوئی پابندی نہیں ہے اور گورننگ کونسل کے اجلاس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھی غور کیا جائے گا لیکن گورننگ کونسل کے اجلاس میں محض ٹیموں کی تعداد، فارمیٹ اور دیگر مالی معاملات زیر بحث آئے اور بعد ازاں یہ اعلان کر دیا گیا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کی شرکت پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔