کسی کو بے ایمانی پر نہیں اکسایا، سلمان بٹ؛ مظہر مجید کے 27 بینک کھاتے ہیں؛ پولیس

1 1,101

پاکستان کے سابق کپتان سلمان بٹ نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے محمد آصف اور محمد عامر کو بے ایمانی کرنے کے لیے اکسایا تھااور جان بوجھ کر نو بالز کروائیں، جبکہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ نے ان پر کبھی نو بالز کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔ اس کے علاوہ ہنگامہ خیز کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ سٹے باز مظہر مجید 27 بینک کھاتوں اور 7 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کے اوور ڈرافٹ کے حامل ہیں۔

جمعے کو لندن کی کراؤن کورٹ میں اسپاٹ فکسنگ مقدمے کے آٹھویں روز عدالت میں پیش کردہ پولیس انٹرویو میں سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ عامر و آصف سے بے ایمانی کروانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ دونوں ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں دنیا کا ہر ملک اپنی ٹیم میں لینا چاہے گا۔

مظہر مجید نے مختلف اداروں سے معاہدے کروائے، جن میں ایڈیڈاس بھی شامل ہے: سلمان بٹ (تصویر: AP)
مظہر مجید نے مختلف اداروں سے معاہدے کروائے، جن میں ایڈیڈاس بھی شامل ہے: سلمان بٹ (تصویر: AP)

گزشتہ سال ستمبر میں پولیس تفتیش کے دوران دیے گئے بیانات جمعے کو عدالت میں پیش کیے گئے جن میں انہوں نے 'نیوز آف دی ورلڈ' میں شایع ہونے والی رپورٹ پر اپنی وضاحتیں پیش کیں۔

پہلے پولیس بیان میں سٹے باز مظہر مجید کی پیش گوئیوں کو "محض اتفاق" قرار دیا، اور اس حوالے سے کوئی بھی رقم حاصل کرنے کے الزامات سے انکار کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مظہر مجید بطور ایجنٹ مجھ پر کوئی اثر و رسوخ نہیں رکھتے ۔ مجھ پر کوئی اتنا حکم نہیں چلا سکتا کہ مجھے ملک کے خلاف بے ایمانی پر آمادہ کر ڈالے۔ میں کرکٹ اور اپنے ملک سے محبت میں کھیلتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے دس سال ہر سطح پر پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلی ہے اور میرے خلاف کبھی کوئی الزام نہیں لگایا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ میں کسی الزام کی زد میں آیا ہوں۔ انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں بے ایمانی کے رحجان کی بھی تردید کی۔

سلمان بٹ نے کہا کہ وہ ایجنٹ کی حیثیت سے مظہر مجید کی خدمات سے بہت مطمئن ہوں، کیونکہ اس نے اشتہارات و معاہدوں کی مد میں آمدنی کے دیگر ذرائع میں بہت اضافہ کیا جس میں اپنے اداروں بلیو اسکائی اور کیپٹل کرکٹ کی جانب سے 16 ہزار اور 30 ہزار پاؤنڈز کی ادائیگی بھی شامل تھی۔ بیان میں سلمان بٹ نے یہ بھی بتایا کہ مظہر مجید نے ایڈیڈاس کے ساتھ ان کے کرکٹ سامان کا معاہدہ بھی کروایا جس کے تحت ادارہ انہیں ہر میچ کے لیے 800 پاؤنڈز دیتا تھا۔ سلمان بٹ نے یہ بھی کہا کہ مظہر مجید نے دستی گھڑیاں بنانے والے معروف ادارے ٹیگ ہوئیر کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے بارے میں بھی بتایا تھا جس کے تحت انہیں ہر تین ماہ بعد 3 ہزار پاؤنڈز اور چھ ماہ بعد بڑی رقم دی جاتی جبکہ ایک جوتے بنانے والے ادارے سے معاہدہ بھی زیر غور تھا جس کے تحت ان کا نام جوتے پر چسپاں کیا جاتا۔

اس کے علاوہ مقدمے کے دوسرے ملزم محمد آصف کا پولیس بیان بھی عدالت میں پیش کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر گز سلمان بٹ کو بچانے کی کوشش نہیں کر رہے اور بٹ نے کبھی بھی ان پر نو بالز کرانے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔

محمد آصف کا بیان بھی گزشتہ سال ستمبر میں پولیس تفتیش کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جمعے کو محمد آصف کمرۂ عدالت میں تاخیر سے پہنچے اس لیے جاری کردہ ان کی غیر موجودگی میں ہی عدالت میں پیش ہوا۔ آصف نے عدالت میں تاخیر سے آمد کی وجہ ناسازئ طبیعت بتایا، جس کی وجہ سے وہ ہوٹل کے کمرے میں سوتے رہ گئے تھے۔

بیان میں محمد آصف نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے ابتدائی ایجنٹ مظہر مجید کے بڑے بھائی اظہر مجید تھے ، اور سات آٹھ ماہ قبل مظہر کی جانب منتقل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ آمدنی کے لیے گفتگو کے باوجود انہوں نے مظہر مجید سے کبھی کوئی رقم نہیں حاصل کی۔

اِس کے علاوہ عدالت کو بتایا گیا کہ مبینہ سٹے باز مظہر مجید 7 لاکھ پاؤنڈ سے زیادہ کے بینک اوور ڈرافٹ اور کم از کم 27 بینک کھاتوں کے حامل ہیں۔ اوور ڈرافٹ کا مطلب ہے کہ بینک کھاتے سے اتنی رقم نکلوانا کہ بقیہ میزان (بیلنس) منفی میں چلا جائے۔

نیو اسکاٹ لینڈ یارڈ کے اسپیشل انوسٹی گیشنز یونٹ نے جمعے کو مظہر مجید کی مالی صورتحال کی مکمل تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کیں۔

عدالت کو بتایا کہ مظہر مجید الائیڈ آئرش بینک میں 2، کلائیڈسڈیل بینک میں تین، رائل بینک آف اسکاٹ لینڈ کے زیر ملکیت کاؤٹس میں ایک، بارکلیز میں ایک اور نیٹ ویسٹ میں 21 کھاتوں کے حامل ہیں۔ جن میں سے 13 پولیس تفتیش کے دوران بند کر دیے گئے جبکہ 8 اب بھی متحرک ہیں۔ ان میں سے ایک نیٹ ویسٹ کھاتہ 4 لاکھ 97 ہزار 949 پاؤنڈز کا اوور ڈرافٹ رکھتا ہے۔

اس موقع پر محمد آصف کے وکیل نے گواہوں کی موجودگی میں ایک مرتبہ پھر تصدیق کروائی کہ نیوز آف دی ورلڈ کی جانب سے مظہر مجید کو دی گئی نشان زدہ رقم کا ایک نوٹ بھی چھاپے کے دوران آصف کے کمرے سے برآمد نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ سلمان بٹ کے کمرے سے 2500 پاؤنڈ اور محمد عامر کے کمرے سے 1500 پاؤنڈ کے نشان زدہ نوٹ برآمد ہوئے تھے۔

انہوں نے اس امر کی بھی تصدیق کی کہ آصف کا کوئی سوئس بینک کھاتہ موجود نہیں ہے تاہم پولیس نے وضاحت کی کہ سوئس بینک کھاتوں کی موجودگی کی تحقیقات کرنا مشکل امرہے۔

گزشتہ سال اگست میں انگلستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں مبینہ طور پر جان بوجھ کر نو بالز کروا کر سٹے بازوں سے رقم حاصل کرنے کے الزام میں اس وقت پاکستان کے تین کھلاڑی سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر برطانیہ کی عدالت میں مقدمہ بھگت رہے ہیں جس میں مبینہ سٹے باز مظہر مجید بھی زیر تفتیش ہیں۔

مقدمے کی سماعت مزید جاری ہے۔