مکی آرتھر بھی پاکستان کی کوچنگ کے امیدواروں میں شامل ہیں: بھارتی خبر رساں ادارہ

1 1,012

پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوچ کے انتخاب کے لیے جن 5 امیدواروں کی فہرست موصول ہوئی ہے اس میں جنوبی افریقہ کے سابق کوچ مکی آرتھر بھی شامل ہیں۔

بھارت کے قومی خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' (پی ٹی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کوچ کی تلاش کے لیے مقرر کی گئی کمیٹی نے جن پانچ کوچز کے نام تجویز کیے ہیں ان میں مکی آرتھر بھی شامل ہیں۔ پاکستان وقار یونس کے کل وقتی متبادل کوچ کی تلاش کے لیے سرگرداں ہے اور قومی ٹیم اِس وقت عارضی کوچ محسن خان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریاں کر رہی ہے۔

مکی آرتھر طویل عرصے تک جنوبی افریقہ کی کوچنگ کر چکے ہیں (تصویر: Tony Marshall/Empics)
مکی آرتھر طویل عرصے تک جنوبی افریقہ کی کوچنگ کر چکے ہیں (تصویر: Tony Marshall/Empics)

سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم کی زیر قیادت کوچ تلاش کمیٹی نے 5 امیدواروں کی فہرست مرتب کی تھی جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق آسٹریلیا کے ڈین جونز اور انگلستان کے ڈرمٹ ریوز کے علاوہ مکی آرتھر اور پاکستان کے عاقب جاوید کے نام شامل تھے۔ پی ٹی آئی نے انکشاف کیا ہے کہ پانچواں نام پاکستان کے صبیح اظہر کا ہے جو اس وقت راولپنڈی کی کوچنگ کر رہے ہیں اور ان کی زیرقیادت راولپنڈی ریمز نے رواں سال فیصل بینک سپر ایٹ 2011ء جیتا اور فیصل بینک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔

تاہم ان امیدواروں میں سے کسی کی بھی ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے حال ہی میں عہدہ سے ہٹائے گئے چیئرمین اعجاز بٹ کو فہرست پیش کی گئی تو انہوں نے کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم اور معاون رمیز راجہ کو ہدایت کی کہ وہ سب سے پہلے مکی آرتھر سے مذاکرات کریں، اور اگر وہ انکار کر دیں تو پھر ترجیح کے اعتبار سے رابطے کیے جائیں۔ تاہم ذرائع نے اس حوالے سے انہوں نے نئے کوچ کے لیے ترجیحی فہرست نہیں بتائی کہ آرتھر کے بعد فہرست میں کس کا نام ہے۔

مکی آرتھر بین الاقوامی کرکٹ کا ایک جانا پہچانا نام ہیں اور 2005ء سے 2010ء تک جنوبی افریقہ کی کوچنگ کر چکے ہیں جس کے بعد بورڈ سے اختلافات کے باعث عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ وہ 2009ء میں انگلستان کی کوچنگ کی ایک پیشکش سے بھی دستبردار ہو چکے تھے جو بعد ازاں زمبابوے کے اینڈی فلاور کو ملی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیٹی کے اراکین متفق ہیں کہ مکی آرتھر پاکستان کی کوچنگ کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔ تاہم اعجاز بٹ کی جگہ ذکا اشرف کی بطور چیئرمین تقرری کے بعد نئے کوچ کے لیے جاری مذاکرات کا عمل سست ہو گیا ہے۔ ویسے ابھی تک اندازہ نہیں ہے کہ نئے چیئرمین کا جھکاؤ کس جانب ہوگا لیکن اگر انہوں نے مقامی کوچ کو ترجیح دی تو عاقب جاوید اور صبیح اظہر میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔

پی سی بی کی مقررہ کمیٹی کا کام محض سفارشات مرتب کرنا ہے اور کوچ کے تقرری کا حتمی فیصلہ چیئرمین کی صوابدید پر ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ آسٹریلیا کے ڈین جونز ایک مضبوط امیدوار تھے، لیکن انہوں نے ایک اخبار سے گفتگو میں اس درخواست دینے کی تصدیق کر کے اور شاہد آفریدی کو ٹیم میں واپس لانے کی خواہش کا اظہار کر کے اپنا مقدمہ کمزور کر لیا ہے۔