پاک-سری لنکا معرکہ: سعید اجمل کا کردار فیصلہ کن ہوگا: اقبال قاسم

3 1,014

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سال کی اہم ترین سیریز کا آغاز کل ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ کے ذریعے ہو رہا ہے۔ برصغیر کے دو اہم ممالک کو عالمی درجہ بندی میں اہم پوزیشن کے لیے معرکہ آرائی کرتے دیکھنا جہاں ایک جانب شائقین کرکٹ کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ہوگا وہیں ماہرین بھی اس سیریز سے بڑی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

'بنگلور کے ہیرو' اقبال قاسم مرلی دھرن کی عدم موجودگی کو سری لنکا بڑا خسارہ سمجھتے ہیں
'بنگلور کے ہیرو' اقبال قاسم مرلی دھرن کی عدم موجودگی کو سری لنکا بڑا خسارہ سمجھتے ہیں

ماضی کے عظیم پاکستانی کھلاڑی سیریز میں اسپنرز خصوصا ًسعید اجمل کی کاکردگی کو اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سابق اسپنر اور 'بنگلور کے ہیرو' اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں، تاہم اسپنرز خصوصاً سعید اجمل کی کارکردگی سیریز میں اہم و فیصلہ کن کارکردگی ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیزن میں سعید اجمل نے بہت عمدہ کارکردگی دکھائی ہے، خصوصاً دورۂ ویسٹ انڈیز میں اور تجربہ کار گیند بازوں کی عدم موجودگی میں زمبابوے میں بھی انہوں نے شاندار باؤلنک گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا میں اسپن کا ہی فرق ہوگا، کیونکہ مرلی دھرن ریٹائر ہو چکے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ سعید اجمل کی فارم برقرار رہی تو سیریز پاکستان کے حق میں جا سکتی ہے تاہم اِس وقت دونوں ٹیموں کے امکانات برابر ہیں۔

کرک نامہ سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال قاسم نے کہا کہ پاکستان سالوں سے ہوم گراؤنڈ کے ایڈوانٹیج سے محروم ہے اور یہ ایڈوانٹیج کیا ہوتا ہے، اس کا ہلکا سا اظہار آپ کو بھارت کے حالیہ دورۂ انگلستان کی کارکردگی اور اب انگلستان کے جوابی دورے میں پیش کردہ کارکردگی سے ہو رہا ہوگا۔ لیکن اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی بڑی تعداد میں مقیم ہیں اور ان کی اسٹیڈیم میں موجودگی سے قومی ٹیم کو حوصلہ بھی ملے گا اور اپنائیت کا احساس بھی ہوگا۔ یعنی یوں کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ کا نہیں لیکن ہوم کراؤڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہوگا۔

پاکستان اور سری لنکا کے تین ٹیسٹ میچز کی اہم سیریز کا آغاز کل سے ابوظہبی میں ہو رہا ہے جبکہ دیگر ٹیسٹ مقابلے دبئی اور شارجہ میں ہوں گے۔