پاکستان سیریز جیتنے میں کامیاب ہو جائے گا: عمر اکمل

1 1,001

محاذ پر موجود دستے کے پیچھے رہ جانے والے سپاہی عمر اکمل پاک-سری لنکا سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم سے اچھی کارکردگی اور فتح کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔

شعلہ فشاں بلے باز کا کہنا ہے کہ سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع ہے، اور ٹیم کی حالیہ ٹیسٹ کارکردگی کے باعث انہیں یقین ہے کہ پاکستان ٹیسٹ سیریز جیتنے یا کم از کم ڈرا کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

عمر اکمل پرامید ہیں کہ پاکستان کم از کم سیریز برابر کرلے گا (تصویر: Getty Images)
عمر اکمل پرامید ہیں کہ پاکستان کم از کم سیریز برابر کرلے گا (تصویر: Getty Images)

کرک نامہ سے گفتگو میں عمر اکمل نے کہا کہ سیریز سے قبل تربیتی کیمپ گو کہ مختصر تھا لیکن پھر بھی انہیں یقین ہے کہ کھلاڑیوں نے ابوظہبی میں بھرپور مشق کی ہوگی اور حالات و صورتحال کا بغور جائزہ لیا ہوگا۔نوجوان بلے باز کا کہنا تھا کہ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد میں بھرپور محنت کر رہا ہوں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی پیش کر رہا ہوں اس لیے مجھے امید ہے کہ جلد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی آؤں گا۔

نوجوان بلے باز عمر اکمل کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے دستے سے باہر کیا جاچکا ہے، اور وہ اس وقت قائد اعظم ٹرافی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں جس کی جانب سے کھیلتے ہوئے وہ تین اننگز میں 95، 20 اور 165 رنز جڑ چکے ہیں۔ البتہ بین الاقوامی سطح پر وہ 2009ء میں اپنے کیریئر کے پہلے میچ کی سنچری کے بعد کوئی طویل اننگز نہیں کھیل پائے اور ان کی یہی کمزوری ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ بن گئی ہے۔ تاہم وہ قائد اعظم ٹرافی میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کر کے اپنی طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت کو نمایاں کر رہے ہیں۔

تاہم بین الاقوامی سطح پر انہوں نے دورۂ ویسٹ انڈیز میں بھی مایوس کن کارکردگی دکھائی اور زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کے خلاف بھی کوئی عمدہ اننگز نہ کھیل پائے۔ تاہم اُن کی نیک تمنائیں ٹیم کے ساتھ ہیں، اور وہ ٹیم کی ایک اور سیریز فتح کے لیے بے تاب ہیں۔