واٹسن اور مارش زخمی، پہلے ایک روزہ میں شرکت مشکوک

1 1,010

آسٹریلیا کے شہرۂ آفاق آل راؤنڈر شین واٹسن کی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے جبکہ اہم بلے باز شان مارش بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کیمرون وائٹ کے احتیاطاً ایک روزہ دستے کے لیے طلب کر لیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے فزیوتھراپسٹ ایلکس کونتورس نے کہا کہ شین واٹسن کولہے کے پٹھے میں کھنچاؤ سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور اسی تکلیف کی وجہ سے وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیل پائے تھے۔ واٹسن کا علاج جاری ہے اور پہلے ایک روزہ مقابلے سے قبل ان کا جائزہ لیا جائے گا کہ آیا وہ میچ کھیلنے کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں یا نہیں۔

شین واٹسن پہلے ٹی ٹوئنٹی میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے (تصویر: Gallo Images)
شین واٹسن پہلے ٹی ٹوئنٹی میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے (تصویر: Gallo Images)

دوسری جانب شان مارش بھی دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران اپنا بایاں کندھا زخمی کروا بیٹھے تھے، لیکن کونتورس کے مطابق یہ معمولی قسم کی انجری ہے۔ ان کے تمام اسکین مکمل ہو چکے ہیں، اور ان کی شمولیت کا جائزہ بھی میچ سےقبل لیا جائے گا۔

تاہم حفظِ ما تقدم کے تحت آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی دستے کے قائد کیمرون وائٹ کو طلب کر لیا ہے جنہوں نے آخری مرتبہ اپریل میں بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی تاہم ناقص بلے بازی کے باعث دورے کے وسط میں ہی دستے سے باہر کر دیے گئے تھے۔ وہ ایک روزہ مقابلوں کی آخری 10 اننگز میں 24 رنز سے زیادہ کی انفرادی اننگز نہیں کھیل پائے۔