چدمبرم اسٹیڈیم ، چنئی

4 1,054

چدمبرم اسٹیڈیم بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی (مدراس) میں واقع ہے۔ اسٹیڈیم کا نام بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر ایم اے چدمبرم سے موسوم ہے، اس سے پہلے اسے مدراس کرکٹ کلب گراؤنڈ کہا جاتا تھا۔ چدمبرم اسٹیڈیم پر پہلا ٹیسٹ میچ 10 فروری 1934ء کو بھارت اور انگلستان کے خلاف کھیلا گیا جبکہ پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 9 اکتوبر 1987 کو کھیلا گیا۔

کولکتہ کے جذباتی تماشائیوں کے مقابلے میں مدراس کے تماشائی بہت مہذب اور پڑھے لکھے ہوتے ہیں۔ حتی کہ روایتی حریف پاکستان کے خلاف مقابلوں میں بھی یہاں کے تماشائیوں نے کھلے دل سے حریف کھلاڑیوں کو داد دی ہے۔ 1997ء میں سعید انور کی 194 رنز کی یادگار اننگ ہو یا 1999ء میں ٹیسٹ میچ میں بھارت کے خلاف یادگار فتح، دونوں میں مدراسی تماشائیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو کھڑے ہو کر داد دی۔

عالمی کپ 2011ء کے لیے اس اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش 36 ہزار سے بڑھا کر 45 ہزار کردی گئی ہے۔

یادگار لمحات

معروف بھارتی بلے باز سنیل گواسکر نے 1983ء میں اسی میدان پر سر ڈان بریڈ مین کا سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ توڑا۔

1986ء میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایک ٹیسٹ میچ ٹائی ہوا جو ٹیسٹ کرکٹ کی طویل تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے۔

1997ء میں آزادی کپ نامی ایک روزہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سعید انور نے 194 رنز بنا کر سب سے طویل ایک روزہ اننگ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جو ایک طویل عرصہ تک ناقابل شکست رہا۔

دسمبر 2008ء میں بھارت نے چوتھی اننگ میں 4 وکٹوں پر 387 رنز بنا کر میچ میں شاندار فتح حاصل کی جو بھارت میں کامیابی سے عبور کیا جانے والا سب سے بڑا ہدف ہے۔

شین وارن نے 2004ء میں بھارت کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کے دوران متیاہ مرلی دھرن کا سب سے زیادہ 532 ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ توڑا۔ واضح رہے کہ مرلی دھرن اس وقت 800 وکٹوں کے سب سے زیادہ زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

عالمی کپ 2011ء

چدمبرم اسٹیڈیم 1987ء میں دو اور 1996ء میں عالمی کپ کے ایک میچ کی میزبانی کر چکا ہے۔ اور یہ میدان عالمی کپ 2011ء میں 4 میچز کی میزبانی کرنے جارہا ہے جس میں دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں انگلستان اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ بھی شامل ہے۔ دیگر مقابلوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔

گروپ اے : کینیا بمقابلہ نیوزی لینڈ – 20 فروری بروز اتوار
گروپ بی : انگلستان بمقابلہ جنوبی افریقہ – 6 مارچ بروز اتوار
گروپ بی : انگلستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز – 17 مارچ بروز جمعرات
گروپ بی : بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز – 20 مارچ بروز اتوار