ٹی ٹوئنٹی عالمی درجہ بندی سوموار کو جاری ہوگی

1 1,001

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے عالمی درجہ بندی اگلے سوموار کو جاری کرے گا۔ اِس وقت صرف ٹیسٹ اور ایک روزہ مقابلوں کے لیے ملکوں اور کھلاڑیوں کی درجہ بندی جاری کی جاتی ہے، اور اب اس سلسلے میں ٹی ٹوئنٹی کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

رواں سال ماہِ جون میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں کیے گئے کئی اہم فیصلوں ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی کے اجراء کا فیصلہ بھی شامل تھا۔ جس کا اطلاق یکم اکتوبر 2011ء سے ہو چکا ہے۔

جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں سوموار 24 اکتوبر کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے صدر دفتر واقع دبئی، متحدہ عرب امارات میں ذرائع ابلاغ کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوگا جس سے آئی سی سی کے جنرل مینیجر- کرکٹ ڈیوڈ رچرڈسن، عالمی درجہ بندی کے خالق ڈیوڈ کینڈکس اور پاکستان اور سری لنکا کے دستوں کے اہم اراکین شامل ہوں گے، جو اس وقت ٹیسٹ سیریز کے لیے متحدہ عرب امارات میں ہی موجود ہیں۔

ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کر کٹ کے لیے عالمی درجہ بندی بہت ضروری ہے۔ آئی سی سی تینوں طرز کی کرکٹ کو یکساں اہمیت دینے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے اور فی الوقت ٹیسٹ اور ایک روزہ طرز کی کرکٹ کے لیے تو درجہ بندی موجود ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی اس سے محروم ہے لیکن اب چند روز بعد اس کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ یہ اجراء ٹی ٹوئنٹی طرز کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کا عالمی کپ اگلے سال 2012ء میں کھیلا جائے گا۔