ویسٹ انڈیز آؤٹ کلاس؛ سری لنکا کی 8 وکٹوں سے فتح

0 1,023

سری لنکن اوپنر بلے باز اوپل تھرنگا کی شاندار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ مقابلہ میں میزبان ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلو ادی۔ کولمبو کے سنہا لیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے 3 ایک روزہ مقابلوں کے دوسرے میچ میں بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بلند قامت تھرنگا نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے جانے والے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب کا آغاز تلکرتنے دلشان کے ہمراہ کیا۔ دلشان نے ابتداء ہی میں ویسٹ انڈین بالرز پر چڑھائی شروع کردی۔ 32 کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کو پہلا نقصان 9 ویں اوور میں روی رامپال کی گیند پر دلشان (11) کے کاٹ بی ہائینڈ ہونے پر ہوا۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان کمار سنگا کارہ تھرنگا کا ساتھ دینے کریز پر پہنچے ۔

ویسٹ انڈیز کے دورۂ سری لنکا میں سب سے زیادہ پریشانی کا باعث بننے والا موسم ایک بار پھر اننگ کے 15ویں اوور میں حائل ہوگیا۔ بارش کا سلسلہ چند منٹ تک جاری رہا اور اننگ کی دوبارہ شروعات سری لنکا کے لیے ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے ذریعے ترمیم شدہ ہدف 47 اوور میں 197 رنز سے ہوا۔ 102 کے مجموعی اسکور پر کپتان سنگا کارا (20) ڈیوائن براووو کی گیند پر کرس گیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے دلشان کے ہمراہ 70 رنز کی شراکت کی۔ اس کے بعد مہیلا جے وردھنے اور تھرنگا کی جوڑی نے ٹیم کی فتح کو یقینی بنانے کے لیے 97 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ سری لنکن اننگ کی خاص بات اوپنر تھرنگا کی 143 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگ تھی۔ 43ویں اوور میں سری لنکا کے لیے وننگ شاٹ کھیل کر مطلوبہ ہدف مکمل کرنے والے جے وردھنے نے 48 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اوپل تھرنگا نے سری لنکا کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا (© اے ایف پی)

اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے بلے بازی کی دعوت پر ویسٹ انڈیز کی اننگ کا آغاز کرس گیل اور ایڈرین باراتھ نے کیا۔ مہمان ٹیم کو یکے بعد دیگرے پہلا اور دوسرا نقصان 45 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب باراتھ (12) کو نووان کالوسکرا اور کرس گیل (28) کو مرلی دھرن نے پویلین کی راہ دکھائی۔ دونوں اوپنرز کی رخصتی کے بعد ڈیرن براوو اور رام نریش سروان نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز کی شراکت بنائی۔ اس جوڑی کا خاتمہ رنگانا ہیراتھ نے 94 کے مجموعی اسکور پر سروان (21) کو رن آؤٹ کر کے کیا۔ 132 رنز پر براووز کی جوڑی کا خاتمہ ڈیرن براوو (39) کی صورت میں ہوا جنہیں لسیتھ ملنگا نے قابو کیا۔ ڈیرن براوو اور ڈیوان براوو نے 38 رنز کی اہم شراکت بنائی۔ صرف چھ رنز کے اضافہ کے بعد کیرون پولارٹ (4) کو بھی ملنگا نے بولڈ کر کے چلتا کیا۔ اس موقع پر کارلٹن باؤ نے براوو کے ساتھ اسکور میں 37 رنز کا اضافہ کیا۔ 175 کے اسکور پر براوو (28) پویلین لوٹے تو باقی ماندہ کھلاڑی بھی اسکور میں کوئی قابل ذکر اضافہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 18 اضافی (ایکسٹراز) رنز کے ساتھ 203 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے لسیتھ ملنگا سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 30 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے سنچری میکر بلے باز اوپل تھرنگا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے صحیح معنی میں اپنی ٹیم کے لیے شیٹ اینکر کا کردار ادا کرتے ہوئے سنتھ جیسوریا کے متبادل طور پر خود کو منوا لیا اور اپنے کیریئر کی 9ویں سنچری اسکور بورڈ پر سجائی۔ مجموعی طور پر سری لنکا نے میچ کے دوران ویسٹ انڈیز کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا۔ پہلے نپی تلی بالنگ کے ساتھ عمدہ فیلڈنگ اور پھر تھرنگا کی شاندار اننگ نے ویسٹ انڈیز کو دیوار سے لگا دیا۔ 3 میچز کی سیریز میں میزبان سری لنکا کو ویسٹ انڈیز پر 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔ دونوں ممالک کے مابین سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آئندہ اتوار 6 فروری کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔