نیوزی لینڈ پاکستان ٹیسٹ سیریز 2011ء، ڈیرل ٹفی کی واپسی

0 1,041

نیوزی لینڈ کے تیز باؤلر ڈیرل ٹفی کو پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے طلب کر لیا گیا ہے جو زخمی اینڈی میک کے کی جگہ بلیک کیپس کی باؤلنگ لائن کو سہارا دیں گے۔

ڈیرل ٹفی کی پاکستان کے خلاف کارکردگی ہمیشہ بہت شاندار رہی ہے اور اب تک پاکستان کے خلاف کھیلے گئے 8 میچز میں انہوں نے 26.81 کی اوسط سے 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی بہترین بالنگ ایک اننگ میں 87 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرنا ہے جبکہ میچ میں ان کی بہترین کارکردگی 77 رنز کر 7 وکٹ ہے۔ خصوصا ہوم گراؤنڈ پر تو وہ پاکستانی بلے بازوں کے لیے ہمیشہ خطرہ رہے ہیں اور مندرجہ بالا بہترین کارکردگی بھی انہوں نے 2003ء میں پاکستان کے دورۂ نیوزی لینڈ میں دکھائی۔

ڈیرل ٹفی نے گزشتہ مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور اس وقت سے وہ ٹیسٹ کھیلنے سے محروم ہیں البتہ نیوزی لینڈ کے ون ڈے اسکواڈ کے مستقل رکن ہیں۔ ٹیسٹ ٹیم کے لیے ان کو بہت کم ہی منتخب کیا گیا اور اب تک وہ محض 26 ٹیسٹ میچز ہی کھیلے ہیں اور گزشتہ ساڑھے چھ سالوں میں انہوں نے صرف چار مرتبہ ٹیسٹ میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی ہے۔ وہ گزشتہ ماہ بھارت کے خلاف سیریز میں زخمی ہونے کے باعث بیشتر میچز نہیں کھیل پائے تھے تاہم اب مکمل طور پر تیار ہیں۔

نیوزی لینڈ کی پیس بیٹری حالیہ چند ماہ میں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے۔ نومبر کے اوائل میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ہمیش بینیٹ گروئن انجری کا شکار ہیں اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد سے اب تک ملک کی نمائندگی سے محروم ہیں۔ میک کے ایک مرتبہ پھر میدان میں جلوہ گر ہوئے لیکن ٹیسٹ میچز میں باؤلنگ کے طویل اسپیلز کرانے کے لیے فٹ نہیں ہیں۔

گو کہ ڈیرل ٹفی اب 2001ء والے خطرناک باؤلر نہیں رہے لیکن وہ تجربہ رکھتے ہیں اور نیوزی لینڈ کے بالنگ اٹیک میں ایک اہم اضافہ ہوں گے۔ اور موجودہ صورتحال میں جب پاکستان کی بیٹنگ ویسے ہی بہت زیادہ کمزور ہے اور اہم مواقع پر لڑکھڑا جاتی ہے، ڈیرل ٹفی کی نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں شمولیت پاکستانی بلے بازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہو سکتی ہے۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے دو ہفتے قبل اعلا ن کردہ اسکواڈ میں شامل دیگر فاسٹ باؤلرز میں کرس مارٹن، ٹم ساؤتھی، برینٹ ارنیل اور آل راؤنڈر جیمز فرینکلن شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل (7 جنوری بروز جمعہ) سے سیڈن پارک، ہملٹن میں شروع ہوگا۔