ذکا اشرف کل عہدہ سنبھالیں گے، بورڈ میں عہدوں کے لیے سابق کرکٹرز کی دوڑ

1 1,032

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ذکا اشرف کل (سوموار) سے اپنا عہدہ سنبھال رہے ہیں اور اس کے ساتھ ہی بورڈ کے نئے عہدیداران کی نشستوں کے لیے سابق کرکٹرز کےدرمیان دوڑ کا بھی آغاز ہو رہا ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں ملازمت کے خواہشمندبراہ راست یا دیگر ذرائع سے نئے چیئرمین سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ وہ بورڈ میں خالی ہونے والی ملازمتوں پر جگہ پا سکیں۔ جبکہ موجودہ ملازمین بھی اپنے عہدوں کو بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔

دیکھنا یہ ہے کہ ذکا اشرف کلیدی عہدوں پر کن کو تعینات کرتے ہیں
دیکھنا یہ ہے کہ ذکا اشرف کلیدی عہدوں پر کن کو تعینات کرتے ہیں

اس میں سے سب سے اہم عہدہ کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا ہے، جس کے لیے ذرائع کے مطابق ماضی کے عظیم کھلاڑی اور بورڈ کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد بھی صدر پاکستان آصف علی زرداری کے قریبی سیاست دانوں اور بیوروکریٹس سے رابطے کر رہے ہیں اور اس عہدے کو حاصل کرنے کے خواہشمند دکھائی دیتے ہیں۔ سی او او پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیئرمین کے بعد سب سے اہم عہدہ ہے، اور میانداد کا کہنا ہےکہ وہ پاکستان کرکٹ کو درپیش تمام موجودہ مسائل سے نمٹ سکتے ہیں اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس لا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میانداد نے صدر مملکت، جو پی سی بی کے پیٹرن اِن چیف بھی ہیں، کے قریبی افراد کو کہا ہے کہ ذکا اشرف ایک اچھے منتظم ہیں لیکن ایک کرکٹر معاملات کو درست طریقے سے حل کر سکتا ہے۔

ان کے علاوہ سابق کپتان ظہیر عباس بھی اس عہدے کو حاصل کرنے کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے نئے چیئرمین سے براہ راست رابطہ بھی کیا ہے۔ ان دونوں کے علاوہ تیسرے امیدوار منظور الٰہی ہیں۔

سی او او کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کا عہدہ بھی سابق کرکٹرز کے لیے بہت پرکشش ہے اور اس کے لیے ماضی کے دو وکٹ کیپرز راشد لطیف اور معین خان اپنی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ جبکہ اب دو بلے باز عامر سہیل اور باسط علی بھی میدان میں کود پڑے ہیں۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ باسط علی نے چند روز قبل نئے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات بھی کی ہے اور اس سلسلے میں اپنی خواہش کا باقاعدہ اظہار بھی کیا ہے۔

ان دونوں عہدوں کے علاوہ تیسرے عہدے یعنی ڈائریکٹرز اکیڈمی اینڈ گیم ڈیولپمنٹ پر دلچسپ صورتحال پیدا ہو چکی ہے کیونکہ گزشتہ چیئرمین اعجاز بٹ اس عہدے پر انتخاب عالم کی میعاد ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر چکے تھے لیکن اس کے باوجود امکان ہے کہ انہیں تبدیل کر دیا جائے جس کے لیے عامر سہیل اور سرفراز نواز خواہشمند دکھائی دیتے ہیں۔

ان کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر کا اعلان بھی باقی ہے۔ اس وقت عبوری طورپر یہ عہدہ محمد الیاس کے پاس ہے جنہیں محسن حسن خان کو عبوری کوچ بنائے جانے کے بعد یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

سوموار کو ذکا اشرف جب پہلی مرتبہ قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی کا اعلیٰ ترین عہدہ سنبھالیں گے تو ان میں سے کئی کھلاڑی و عہدیدار یہاں ان کا خیرمقدم کریں گے۔ دیکھنا یہ ہے کہ ان میں سے کون کون کس کس عہدے پر فائز ہوتا ہے۔