نصرت بھٹو کا انتقال، قائد اعظم ٹرافی کے مقابلے مؤخر، ذکا اشرف بھی منگل کو عہدہ سنبھالیں گے

1,061

حکومت پاکستان نے سابق خاتونِ اول نصرت بھٹو کے انتقال پر 10 روزہ قومی سوگ کا اعلان اور کل (سوموار کو) عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس لیے ملک کے اہم ترین ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے پیر کو شروع ہونے والے تمام مقابلوں کا آغاز ایک روز کی تاخیر سے ہوگا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ذکا اشرف بھی منگل کو ہی اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

نصرت بھٹو سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو کی اہلیہ اور بے نظیر بھٹو کی والدہ تھیں
نصرت بھٹو سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو کی اہلیہ اور بے نظیر بھٹو کی والدہ تھیں

قائد اعظم ٹرافی 2011ء میں پیر کو 11 مقابلوں کا آغاز ہونا تھا جن میں ڈویژن ون میں ایبٹ آباد اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان، فیصل آباد اور نیشنل بینک آف پاکستان، اسلام آباد اور حبیب بینک لمیٹڈ، کراچی بلیوز اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، راولپنڈی اور زرعی ترقیاتی بینک، اور سیالکوٹ اور واپڈا مدمقابل ہوتے جبکہ ڈویژن II میں حیدرآباد اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، کراچی وائٹس اور خان ریسرچ لیبارٹریز، لاہور راوی اور ملتان، لاہور شالیمار اور کوئٹہ، اور پشاور اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کا آمنا سامنا ہونا تھا۔ تاہم قومی سوگ کے اعلان کے بعد ان مقابلوں کا آغاز اب منگل 25 اکتوبر سے ملک کے مختلف میدانوں میں ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثيت سے تعینات ہونے والے ذکا اشرف کو بھی کل یعنی سوموار کو باضابطہ طور پر اپنا عہدہ سنبھالنا تھا لیکن حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق رہنما بیگم نصرت بھٹو کے انتقال کے سبب اس میں مزید تاخیر کی گئی ہے اور اب وہ بھی منگل ہی کو قذافی اسٹیڈیم میں واقع پی سی بی کے صدر دفتر میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ باقاعدہ اعلامیہ کچھ دیر میں جاری کرے گا۔