عالمی کپ 2011ء: قیادت کا ہما آفریدی کے سر

6 1,055

عالمی کپ 2011ء میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے۔
ایک طویل اور صبر آزما انتظار کے بعد بالآخر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عالمی کپ 2011ء کے لیے عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی بطور کپتان تقرری کا اعلان کردیا۔ پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے موجودہ کپتان شاہد آفریدی کو 19 فروری 2011ء سے 2 اپریل 2011ء تک جاری رہنے والی عالمی کپ کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے کیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے دورہ پر موجود قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے ہملٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ انتظامیہ اور سلیکٹرز نے طویل غور و خوص کے بعد متفقہ طور پر عالمی کپ 2011ء کے لیے شاہد آفریدی کو کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل عالمی کپ 2011ء کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان گزشتہ ماہ 18 جنوری کو کیا گیا جس میں حیران کن طور پر ٹیم کا کپتان نامزد نہیں کیا گیا تھا۔ سابق پاکستانی کرکٹرز اور مبصرین نے پی سی بی کے اس اقدام پر اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ پی سی بی کا موقف تھا کہ وہ نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچ کر کپتان کا فیصلہ کرے گی۔

قیادت کے لیے دوسرے امیدوار کے طور پر پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا نام لیا جارہا تھا تاہم وسیم اکرم، راشد لطیف اور دیگر سابق کھلاڑیوں کی جانب سے آفریدی کے جارحانہ انداز اور وسیع تجربہ کے باعث کپتانی کے لیے ان فارم بلے باز مصباح الحق پر ترجیح دیے جانے کا مطالبہ سامنے آتا رہا۔ سابق کھلاڑیوں کے علاوہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد بھی عالمی کپ میں آفریدی کو بطور کپتان دیکھنے کی خواہاں تھی۔ کرک نامہ کی جانب سے کرائے گئے انتخاب میں قارئین کی 64 فیصد تعداد نے شاہد آفریدی، 18 فیصد نے یونس خان جبکہ 11 فیصد نے مصباح الحق کے حق میں ووٹ دیے۔

شاہد خان آفریدی سال 2010ء میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی عالمی کپ سے پاکستانی ٹیم کے کپتان ہیں۔ اس عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ پھر ماہ جولائی میں دو ٹی ٹونٹی میچز میں آسٹریلیا کو شکست دی۔ آفریدی نے بطور کپتان دورۂ انگلستان میں ٹیم کی سالمیت کو لاحق شدید خطرات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے کھیل کے میدان میں انگلستان کی ٹیم اور میدان سے باہر میڈیا کے پروپگنڈا کا سخت مقابلہ کیا۔ بعدازاں جنوبی افریقہ میں بھی پاکستانی ٹیم نے ان کی قیادت میں میزبان ملک کا خلاف سخت مقابلہ کیا۔

نومبر 2008ء میں ویسٹ انڈیز کو 3-0 سے شکست دینے کے تقریباً دو سال بعد نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین جاری ایک روزہ مقابلوں کی حالیہ سیریز پاکستانی ٹیم نے شاہد آفریدی کی قیادت میں جیتی ہے۔ اس فتح کے بعد یہ خیال مزید پختہ ہوگیا تھا کہ رواں ماہ بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہونے والے عالمی کپ 2011ء کے لیے شاہد خان آفریدی ہی کو کپتان برقرار رکھا جائے گا۔