اظہر علی بالآخر کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب

1 1,002

15 ٹیسٹ مقابلوں اور 10 نصف سنچریوں کے بعد بالآخر پاکستان کے بلے باز اظہر علی اپنے کیریئر کی پہلی سنچری داغنے میں کامیاب ہو ہی گئے۔ اظہر علی کا کہنا ہے کہ 10 مرتبہ اپنی نصف سنچری کو تہرے ہندسے کی اننگز میں بدلنے میں ناکامی کے باعث اِس مرتبہ وہ جیسے ہی 90 رنز تک پہنچے اُنہیں گھبراہٹ ضرور ہوئی لیکن بالآخر یہ سنگ میل عبور کر ہی لیا۔ دبئی میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں اظہر علی نے242 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور بدقسمتی سے اسی اسکور پر امپائرز کے ایک غلط فیصلے کا نشانہ بننے کے باعث انہیں پویلین لوٹنا پڑا۔

اظہر علی 10 نصف سنچریوں کے بعد پہلی بار سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے (تصویر AFP)
اظہر علی 10 نصف سنچریوں کے بعد پہلی بار سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے (تصویر AFP)

میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان بلے باز نے کہا کہ آخری مرتبہ جب میں جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ سال ابوظہبی ٹیسٹ میں وہ 90 کے اسکور پر پہنچا تھا تو میں نے سنچری مکمل کرنے کے لیے کچھ شاٹس کھیلنے کی کوشش کی اور آؤٹ ہو گیا، لیکن اِس مرتبہ میں نے بری گیندوں کا انتظار کیا۔ سنچری بنانے میں ناکامی کے باوجود اظہر علی نے کیریئر کے اولین 14 ٹیسٹ مقابلوں میں 39.75 کے اچھے اوسط سے رنز بنا رکھے تھے اور 11 نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کی۔

اظہر علی کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کی پچ بیٹنگ کے لیے آسان نہیں ہے۔ یہ بہت زیادہ سلو ہے اور اگر آپ اِس پر تیزی سے رن اسکور کرنے کی کوشش کریں گے تو کوئی غلط شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا سکتے ہیں۔ اس طرح کی وکٹ پر آپ کو وقت درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 150 سے 200 رنز کی برتری ٹیم کو اچھی پوزیشن میں لے آئے گی کیونکہ اب پچ ٹرن لینے لگی ہے اور گیند نیچے آ رہا ہے۔ سری لنکا نے ہماری اننگز میں جو دوسرا نیا گیند لیا وہ بھی سوئنگ ہو رہا تھا، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کی پچ پر کسی گیند باز کا ایک اچھا اسپیل بھی حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر سکتا ہے۔

امپائر ٹونی ہل کے غلط فیصلے پر اعتراض کرنے کے بجائے اظہر علی کا کہنا تھا کہ میں نے غلط شاٹ کا انتخاب کیا اور اس کا خمیازہ بھگتا۔

دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان کو سری لنکا پر 42 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جو پہلی اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا تھا۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق 40 رنز بنا کر نائٹ واچ میں سعید اجمل کے ہمراہ کریز پر موجود ہیں۔