ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان آج ہوگا، دھونی کو آرام دیے جانے کا امکان

1 1,002

انگلستان کو 5-0 سے کچلنے کے بعد اب بھارت ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان آج کولکتہ میں سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ اُس وقت سلیکشن کمیٹی کو درپیش سب سے بڑا سوال کپتان مہندر سنگھ دھونی کے حوالے سے ہے کہ آیا انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے یا آرام کا موقع دیا جائے جبکہ ہربھجن سنگھ کی شمولیت پر بھی غور و خوض ہوگا جنہیں انگلستان کے خلاف سیریز سے باہر کر دیا گیا تھا۔

دھونی کی فٹنس قابل رشک ضرور لیکن کام کے زیادہ دباؤ کے باعث وہ زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں ہر گز شامل نہیں ہونا چاہیں گے (تصویر: AP)
دھونی کی فٹنس قابل رشک ضرور لیکن کام کے زیادہ دباؤ کے باعث وہ زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں ہر گز شامل نہیں ہونا چاہیں گے (تصویر: AP)

مہندر سنگھ دھونی عالمی کپ 2011ء میں تاریخی فتح کی قیادت کرنے کے بعد سے مسلسل کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، گو کہ انہیں دورۂ ویسٹ انڈیز میں آرام کا مختصر موقع دیا گیا تھا لیکن پہلے انڈین پریمیئر لیگ، پھر انگلستان کا مشکل و حوصلہ شکن دورہ اور حال ہی میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی اور پھر انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز نے انہیں ضرور تھکا دیا ہوگا۔ اک ایسی ٹیم میں جس کے کئی اراکین زخمی ہو کر ٹیم سے باہر ہو چکے ہوں وہاں دھونی کی فٹنس قابل رشک ضرور ہے لیکن اس وقت بھارت کے کرکٹ ماہرین ہر گز یہ نہیں چاہتے کہ ان کے جسم پر اتنا بوجھ ڈالا جائے بالآخر وہ بھی زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں۔

بھارت اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کا خمیازہ حالیہ دورۂ انگلستان میں بھگت چکا ہے جہاں اسے ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی تینوں طرز کی کرکٹ میں کسی مقابلے میں فتح کا ذائقہ تک چکھنے کو نہیں ملا اور اب بھارت ہر گز نہیں چاہے گا کہ رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا کے اہم دورے میں وہ کسی اہم کھلاڑی سے محروم ہو۔

انگلستان کے خلاف زخمی ہو جانے والے مختلف کھلاڑی اب صحت یاب ہو چکے ہیں اور ٹیم کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں جن میں گوتم گمبھیر، سچن ٹنڈولکر، یووراج سنگھ اور ایشانت شرما شامل ہیں تاہم ظہیر خان اب بھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہیں۔

ان کے علاوہ اسپنر کی جگہ حاصل کرنے کے لیے ہربھجن سنگھ اور اِن فارم روی چندر آشوِن کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے جبکہ ویرات کوہلی، جو اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے با آسانی ٹیم میں جگہ پائیں گے، کی شمولیت یووراج سنگھ اور سریش رائنا کے درمیان سخت مقابلے کا پیش خیمہ ہوگی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کا آغاز 6 نومبر کو دہلی میں پہلے ٹیسٹ سے ہو رہا ہے۔ مجموعی طور پر سیریز میں تین ٹیسٹ اور5 ایک روزہ مقابلے کھیلے جائیں گے۔

ہند-ویسٹ انڈیز سیریز 2011ء - مکمل شیڈول

تاریخ مقام
6 تا 10 نومبر پہلا ٹیسٹ بمقابلہ دہلی
14 تا 18 نومبر دوسرا ٹیسٹ بمقابلہ کولکتہ
22 تا 26 نومبر تیسرا ٹیسٹ بمقابلہ ممبئی
29 نومبر پہلا ایک روزہ بمقابلہ کٹک
2 دسمبر دوسرا ایک روزہ بمقابلہ وشاکھاپٹنم
5 دسمبر تیسرا ایک روزہ بمقابلہ احمد آباد
8 دسمبر چوتھا ایک روزہ بمقابلہ اندور
11 دسمبر پانچواں ایک روزہ بمقابلہ چنئی