ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے بھارتی دستے کا اعلان، ہربھجن بدستور باہر

1 1,001

بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں اسپنر ہربھجن سنگھ شامل نہیں ہیں۔ جبکہ وریندر سہواگ، سچن ٹنڈولکر، گوتم گمبھیراور یوراج سنگھ اپنی انجریز سے صحت یابی کے بعد ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ توقعات کے برعکس کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آرام کا موقع نہیں دیا گیا اور وہ بدستور ٹیسٹ مقابلے میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ہربھجن سنگھ کو انگلستان اور ویسٹ انڈیز کے دوروں میں ناقص کارکردگی کے بعد سے نظر انداز کیا جا رہا ہے (تصویر: Getty Images)
ہربھجن سنگھ کو انگلستان اور ویسٹ انڈیز کے دوروں میں ناقص کارکردگی کے بعد سے نظر انداز کیا جا رہا ہے (تصویر: Getty Images)

بھارت کی قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو کولکتہ میں ہوا جہاں باؤلنگ کے شعبے میں دورۂ انگلستان سے بالکل مختلف کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا اور پروین کمار اور سری سانتھ کی جگہ اُمیش یادیو اور ورون آرون کو پیس بیٹری کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اسپن کا شعبہ روی چندر آشوِن، پراگیان اوجھا اور راہول شرما جیسے ناتجربہ کار کھلاڑیوں کے پاس ہوگا۔ ہربھجن سنگھ دورۂ انگلستان کے دوران ناقص کارکردگی کے بعد زخمی ہو کر ٹیم سے باہر ہو گئے تھے اور اس بعد ازاں ویسٹ انڈیز میں اچھا تاثر قائم نہ کرنے کے باعث ٹیم میں دوبارہ شمولیت سے محروم ہیں۔ ورون آرون اور اُمیش یادیو کو انگلستان کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ ظہیر خان، پروین کمار اور مناف پٹیل کی مختلف وجوہات کی بنیاد پر عدم شمولیت کے باعث اب بھارت کا پیس اٹیک مکمل طور پر نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں ہے جن کی عمریں 25 سال سے کم ہیں۔ ایشانت شرما اپنے بائیں ٹخنے کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور مکمل صحت یابی کی صورت میں ہی انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

دوسری جانب بلے بازوں میں دورۂ انگلستان اور بعد ازاں ہوم سیریز میں محدود اوورز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے اجنکیا راہانے کو بھی دستے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ان کے علاوہ مرلی وجے اور ابھینو مکنڈ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ انگلستان کے خلاف ناقص کارکردگی سریش رائنا کی عدم شمولیت کا باعث بنی ہے جبکہ اُن کے مقابلے میں ویرات کوہلی بہت زبردست فارم میں نظر آ رہے ہیں اور بھارت نے انگلستان کے خلاف حالیہ کئی مقابلے انہی کی کارکردگی کی بدولت جیتے۔ تاہم مجموعی طور پر بیٹنگ لائن اپ میں حسب معمول چہرے نظر آ رہے ہیں خصوصاً اہم کھلاڑیوں کی انجریز سے صحت یابی اس شعبے کو دوبارہ مضبوط کرے گی۔

ہند-ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ 6 نومبر سے دہلی میں شروع ہوگا۔

اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ، راہول ڈریوڈ، سچن ٹنڈولکر، وی وی ایس لکشمن، یووراج سنگھ، روی چندر آشوِن، پراگیان اوجھا، ایشانت شرما، اُمیش یادیو، ویرات کوہلی، ورون آرون، اجنکیا راہانے اور راہول شرما۔